’چاہنے والے تو بہت لیکن وقت نہیں۔۔۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption فی الحال تو میں شادی نہیں کر رہی: ملکہ شیراوت

اداکارہ ملکہ شیراوت کہتی ہیں ان کے چاہنے والے تو بہت ہیں، بہت لوگ ان سے شادی بھی کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ فی الحال کسی بھی بندھن میں نہیں بندھنا چاہتی۔

ملکہ کہتی ہیں ’ابھی تو میرا شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ میرے لیے لڑکوں کی کمی نہیں ہے لیکن میرے پاس ابھی وقت نہیں ہے۔ میں ابھی اپنے کام میں مصروف ہوں اور مجھے اپنے کام میں مزہ آ رہا ہے۔ تو فی الحال تو میں شادی نہیں کر رہی۔‘

حال ہی میں ملکہ امریکہ سے بھارت واپس آئی ہیں۔ ممبئی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ملکہ نے کہا کہ امریکہ میں ان کی فلم ’پالٹكس آف لو‘ ریلیز ہوئی ہے۔

ملکہ کہتی ہیں ’لاس اینجلس ٹائمز نے میری فلم کو بہت سراہا ہے، میری فلم کی بہت تعریف ہوئی ہے۔ میں اس سے بہت خوش ہوں۔ ویسے بھی سنہ دو ہزار گیارہ میرے لیے بہت اچھا رہا ہے۔ مجھے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، میں نے ’ڈبل دھمال‘ کی اور اس فلم میں میرا آئٹم گیت ’جلیبی بائی‘ لوگوں کو خوب پسند آیا۔‘

ملکہ سے جب پوچھا گیا کہ کیا باقی ’آئٹم گرلز‘ کو ان سے خطرہ ہے، تو وہ ہنستی ہوئی بولیں ’خطرہ اور مجھ سے، کیا واقعی لوگوں کو ایسا لگتا ہے؟ نہیں بھئی کسی کو بھی مجھ سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption میں ہالی وڈ اور بالی وڈ دونوں میں ہی ایک ساتھ کام کر رہی ہوں: ملکہ شیراوت

ملکہ نے اس بات کی تردید کی کہ انہوں نے کسی آئٹم نمبر میں بپاشا باسو کی جگہ لے لی ہے۔ صرف یہ ہی نہیں بلکہ ملکہ نے اس بات کو بھی مسترد کر دیا کہ مہیش بھٹ نے انہیں ’جنت ٹو‘ کے لیے رابطہ کیا تھا۔

ملکہ کہتی ہیں ’بھٹ کیمپ کی طرف سے مجھے کوئی تجویز نہیں آئی ہے، جب کبھی کوئی اچھی کہانی ہوگی تو میں ان کے ساتھ فلم ضرور کروں گی۔‘

کچھ عرصہ پہلے ملکہ نے یش راج فلمز کی ایک تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔

ملکہ کہتی ہیں اس کی وجہ کچھ اور نہیں بس وقت کی کمی تھی۔ انھوں نے کہا کہ ’یش راج بہترین فلمیں بنانے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ میں خود ان کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہوں۔ لیکن جس وقت وہ میرے پاس فلم کی تجویز لے کر آئے اس وقت میں امریکہ میں ایک فلم کر رہی تھی اور میرے پاس وقت نہیں تھا اس لیے مجھے ان کی فلم چھوڑنی پڑی۔‘

بالی وڈ ہو یا پھر ہالی وڈ ملکہ شیراوت نے دونوں میں ہی اپنی جگہ بنا لی ہے۔

ملکہ کہتی ہیں ’میں ہالی وڈ اور بالی وڈ دونوں میں ہی ایک ساتھ کام کر رہی ہوں اور یہ بات میری بہت حوصلہ افزائی کرتی ہے۔‘ ملکہ شیراوت سنہ دو ہزار بارہ کا استقبال ممبئی میں ہی کرنے والی ہیں۔ اس موقع پر وہ اپنے گانوں پر پرفارم بھی کریں گی۔

ملکہ کہتی ہیں ’میں چاہتی ہوں کہ اس موقع پر میرے تمام پرستار آئیں اور میرے ساتھ نئے سال کا استقبال کریں۔‘

اسی بارے میں