’میں سب سے زیادہ اپنی بیوی سے ڈرتا ہوں‘

تصویر کے کاپی رائٹ bbc
Image caption تمام مرد اپنی اپنی بیویوں سے ڈرتے ہیں: اکشے کمار

دنیا میں شاید ہی کوئی ایسا شوہر ہو جسے اپنی بیوی کا خوف نہ ہو۔ اب بھلے ہی دنیا انہیں خطرات کا کھلاڑی سمجھے لیکن سچ تو یہ ہے کی اکشے کمار بھی اپنی بیوی ٹوئنکل کھنہ سے ڈرتے ہیں۔

ممبئی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اکشے نے اپنے اس ڈر کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا ’میں سب سے زیادہ اپنی بیوی سے ڈرتا ہوں، تمام مرد اپنی اپنی بیویوں سے ڈرتے ہیں، یہاں موجود شادی شدہ مردوں سے پوچھو۔ ان میں سے کوئی ہے جو کہہ دے کہ وہ اپنی بیوی سے نہیں ڈرتا۔‘

اکشے اپنی بیوی سے ڈرتے ہیں لیکن انہوں نے آج تک فلموں میں کئی خطرناک کرتب کیے ہیں، تو کیا کبھی انہیں وہ سب کرتے ہوئے ڈر نہیں لگا۔

اکشے کہتے ہیں ’میں نے بہت سارے ایكشن سین کیے ہیں جن کو کرتے ہوئے مجھے بہت ڈر لگا، لیکن وہ ڈر اچھا ڈر تھا۔ آپ کرتب کریں لیکن ذرا ڈر کے، توجہ سے، دیکھیے کہیں آپ کو چوٹ نہ لگے۔‘

حال ہی میں اکشے کمار کو بچوں کے ایک ایكشن چینل کا برانڈ ایمبیسڈر بنایا گیا ہے۔ اکشے کہتے ہیں کرتب کرنے سے پہلے ٹھیک سے سوچ لینا چاہیے کہ کیا کیا غلط ہو سکتا ہے یا آپ کیسے کرتب کرنے والے ہیں۔

اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ اکشے کمار کی شہرت ’خطرات کے کھلاڑی‘ سے ہے لیکن گزشتہ چھ برس میں انہوں نے ایک بھی ایكشن فلم نہیں کی ہے۔ اب اکشے ’راڈي راٹھور‘ کے ساتھ ایكشن فلموں میں واپسی کر رہے ہیں جو کہ جولائی سنہ دو ہزار بارہ میں ریلیز ہوگی۔

جب اکشے سے پوچھا گیا کہ آج کل جس طرح سے دوسرے اداکاروں کی ایكشن فلمیں ہٹ ہو رہی ہیں تو کیا اس سے ان کے ’ایكشن ہیرو‘ کے تاج کو کوئی خطرہ ہے اور کیا یہی وجہ ہے کہ وہ ایكشن فلموں میں واپسی کر رہے ہیں۔

اس پر اکشے نے کہا ’یہاں ٹائٹل کے لیے کوئی لڑائی نہیں ہو رہی ہے۔ ہم ریس کورس کے گھوڑے نہیں ہیں کہ ہمیں نمبر ایک، دو یا تین پر رہنا ہے۔ ہم فلمیں کرتے ہیں تاکہ فلم انڈسٹری آگے بڑھے۔ سال میں ایک سو پچاسی فلمیں بنتی ہیں تو ہر ہیرو کے پاس تین چار فلمیں تو ہیں ہی۔‘

اسی بارے میں