ولن کے کردار بہت پسند ہیں: شاہ رخ خان

شاہ رخ خان تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption شاہ رخ خان نے اس سے پہلے بازی گر، ڈر اور انجام جیسی فلموں میں ولن کا رول کر چکے ہیں

بالی وڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ انہیں فلموں میں ولن یعنی منفی کردار کرنا بہت پسند ہے۔

لیکن ان کا کہنا تھا کہ ان کی آنے والی فلم ’ڈان ٹو‘ میں ولن کے کردار کو بہت مثبت انداز میں پیش نہیں کیا گيا ہے۔

آئندہ ہفتے ریلیز ہونے والی اس فلم میں شاہ رخ خان نے منفی کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’ہم سماجی پابندیوں کے ایسے دائروں سے گھرے رہتے ہیں کہ ہمارا منفی پہلو دبا رہ جاتا ہے اور ہماری تمنّائیں چھپی رہ جاتی ہیں۔ تو میں اپنی ایسی منفی تمنائیں فلموں کے ذریعے پوری کر لیتا ہوں‘۔

شاہ رخ خان کی فلم ڈان ٹو تیئیس دسمبر کو ریلز ہورہی ہے۔ یہ دو ہزار آٹھ ميں بنائی گئی فلم ڈان کا سیکوئل ہے۔

دو ہزار آٹھ میں بنائی گئی ڈان فلم میں شاہ رخ خان ہیرو تھے اور وہ فلم انیس سو اٹھہتر میں بنائی گئي امیتابھ بچپن کی فلم کی ری میک تھی۔

شاہ رخ خان نے اس سے پہلے بازی گر، ڈر اور انجام جیسی فلموں میں ولن کا رول کر چکے ہیں۔ اس میں سے ڈر اور بازی گر دونوں فلمیں سپرہٹ فلموں کی فہرست میں شامل ہیں۔

ان سے جب یہ پوچھا گيا کہ کہیں وہ ولن کے کردار ادا کر کے برے کراداروں کی تشہیر کی کوشش تو نہیں کر رہے ہیں، تو انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے۔

’سنیما میں تخلیقی آزادی کی چھوٹ تو ہونی ہی چاہیے۔ ہم تو یہ امید کرتے ہیں ہیں کہ جو ہم دکھائیں اسے لوگ تھیٹر میں دیکھ کر پسند کریں اور فلم ختم ہوتے ہی گھر چلے جائیں۔ فلم سے گھر لے کر کچھ بھی نا جائیں بس اس سے لطف اندوز ہوں‘۔

صحافیوں سے بات چیت میں شاہ رخ خان نے کہا کہ وہ سگریٹ پینے کی اپنی بری عادت کو چھوڑنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی چونکہ ان کی فلم ریلیز ہونے والی ہے اس لیے وہ بہت مصروف ہیں لیکن آنے والے دنوں میں جب انہیں فرصت ملےگی تو اپنی صحت پر توجہ دیں گے۔

اسی بارے میں