’آپ بیتی کی خواہش ہے مگر ڈر لگتا ہے‘

Image caption اصل میں پرفیکشنسٹ تو کوئی نہیں صرف بھگوان ہی پرفیکٹ ہے:عامر خان

بالی وڈ میں اپنی سوانح عمری لکھنے کا چلن نیا نہیں ہے اور اب بالی وڈ اداکار عامر خان بھی ان ادکاروں کی فہرست میں شامل ہونے کی خواہش رکھتے ہیں جو اپنی آپ بیتی لکھ چکے ہیں۔

ممبئی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ ’میں اپنی آپ بیتی لکھنا چاہوں گا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جب میں اپنی زندگی کے بارے میں، اپنے کیریئر کے بارے میں ، اپنے رشتوں کے بارے میں ، اس انڈسٹری کے ساتھ میں نے جو کچھ بھی سیکھا ہے ، ان کے بارے میں سوچتا ہوں، جو میرے تجربے ہوئے ہیں. .. انہیں دیکھ کر مجھے اکثر لگتا ہے کہ میں اپنی آپ بیتی لکھوں‘۔

عامر خان اپنی اس خواہش کو کھلے طور پر تسلیم تو کرتے ہیں ، لیکن وہ اسے عملی جامہ پہنانے سے ڈرتے بھی ہیں۔’مجھے لگتا ہے کہ میں اپنی آپ بیتی لکھوں لیکن پھر مجھے ڈر لگتا ہے کیونکہ آپ بیتی لکھنا بڑا مشکل کام ہے‘۔

صحافیوں نے جب عامر خان سے ان کی ’مسٹر پرفیکشنٹ‘ کی شبیہ کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا، ’مجھے مسٹر پرفیکشنسٹ کا نام تو ایسے ہی دے دیا گیا ہے۔ اصل میں پرفیکشنسٹ تو کوئی نہیں صرف بھگوان ہی پرفیکٹ ہے‘۔

جب عامر خان سے ان کی آنے والی فلم دھوم تھری کے بارے میں یہ سوال کیا گیا کہ آیا اس فلم میں کوئی آئٹم نمبر ہوگا تو عامر نے کہا، ’دھوم 3 میں میرا مرکزی کردار ہے اور قطرینہ اہم اداکارہ ہیں ، تو ہم کیوں کوئی آئٹم نمبر کریں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ ہم پر چار پانچ نغمے فلمائے جائیں گے۔ اگر آپ انہیں آئٹم نمبر کہنا چاہیں تو آپ کہہ سکتے ہیں‘۔

اسی بارے میں