لندن: اولمپکس سے قبل ایک تفریحی شام

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

لندن کے اولمپک سٹیڈیم میں رواں سال پانچ مئی کو عوام کی تفریح کے لیے ایک شام منعقد کی جا رہی ہے جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات حصّہ لیں گی۔

اس موقع پر چالیس ہزار تماشائیوں میں سے ایک خوش نصیب کو سٹیڈیم کے بیچ میں آ کر اس شو کا افتتاح کرنے کی دعوت دی جائے گی۔

برطانوی یونیورسٹیوں اور کالجوں کے کھیلوں کے مقابلوں کے دوران منعقد کیے جانے والے اس شو میں مختلف سٹنٹس، کھیلوں اور مقابلوں کا انتظام کیا گیا ہے۔

اس شو کے ٹکٹ دس اور بیس پونڈ کے ہیں اور ان کی فروخت جمعرات سے شروع ہو جائےگی۔

شو کے چیئرمین سباسچیئن کو کا کہنا ہے ’جو لوگ گرمیوں میں ہونے والے کھیلوں کے سٹیڈیم دیکھنا چاہتے ہیں ان کے لیے یہ ایک اچھا موقع ہے۔‘

انہوں نے بتایا ’اس کے علاوہ یہ تفریح کے لیے ایک بہت اچھی شام ہو گی اور اولمپکس سے پہلے ایک دلچسپ تقریب ہو گی۔‘

واضح رہے کہ برطانوی یونیورسٹیوں اور کالجوں کی چیمپیئن شپس رواں سال چار مئی کو شروع ہوں گی اور سات مئی تک جاری رہیں گی۔

اس کے علاوہ چند اور شو بھی منعقد کیے جائیں گے جو عوام کو ستائیس جولائی سے شروع ہونے والے اولمپک کھیلوں سے قبل اس سٹیڈیم تک رسائی فراہم کریں گے۔

اسی بارے میں