بھارت: سومترا چترجی کے لیے پھالکےایوارڈ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

بھارتی اداکار سومترا چترجی کو فلم انڈسٹری کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں ’دادا صاحب پھالکے ایوارڈ‘ دیا گیا ہے۔

سومترا چترجی نے کہا ہے کہ وہ بھارتی سینما کا سب سے بڑا ایوارڈ حاصل کرنے پر بہت زیادہ خوش ہیں۔

ستتر سالہ چترجی بنگالی فلم انڈسٹری میں کام کرتے ہیں اور وہ آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی فلم ساز ستیا جیت رے کے بھی پسندیدہ ادا کار ہیں۔

چتر جی نے خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ میں یہ ایوارڈ حاصل کرنے پر بہت خوش اور اچھا محسوس کر رہا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا ’ کم سے کم یہ ایوارڈ مقابلے کی سیاست سے بہت دور ہے۔ میں پچاس سال سے زائد عرصے سے کام کر رہا ہوں اور بہت خوش ہوں کہ میرے کام کو سراہا گیا۔‘

چتر جی نے ستیا جیت رے کے متعدد ڈراموں میں کام کیا ہے جن میں ان کے شاہکار ڈرامے دیوی اور چرولتا شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آج جو کچھ بھی ہوں ستیاجیت رے کی وجہ سے ہوں۔ اگر آج ستیا جیت رے جیسا عظیم شخص نہ ہوتا تو میں بہترین اداکاری نہ کر سکتا۔

واضح رہے کہ سومترا چتر جی نے سنہ انیس سو انسٹھ میں ستیا جیت رے کی فلم ’اُوپرسنسار‘ (اپو کا خاندان) سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔

بھارتی اداکار، ڈراموں کی ہدایت کاری کرنے کے علاوہ ان میں حصہ لیتے اور شاعری بھی کرتے ہیں۔

اسی بارے میں