نکول کڈمین گریس آف موناکو کے کردار میں

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ہالی وڈ کی بہترین اداکارائیں گریس کیلی کے کردار کو ادا کرنا چاہتی ہیں۔

معروف میگزین ’ورائٹی‘ کے مطابق اداکارہ نکول کڈمین موناکو کی شہزادی اور ہالی وڈ کی سابق اداکارہ گریس کیلی کا کردار ادا کرنے کے سلسلے میں مذاکرات کر رہی ہیں۔

ہالی وڈ کی بہترین اداکارائیں یہ کردار ادا کرنے کی خواہش مند ہیں۔

’گریس آف موناکو‘ کا سکرپٹ سنہ دو ہزار گیارہ کی ہالی وڈ بلیک لسٹ میں شامل تھا۔ ہالی وڈ بلیک لسٹ کسی بھی سال کے مقبول ترین سکرپٹس کی فہرست کو کہا جاتا ہے۔

یہ کہانی اس اداکارہ کی ہے جنہوں نے ساٹھ کی دہائی میں اداکاری ترک کر کے موناکو کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کام شروع کر دیا تھا۔

انہوں نے سنہ انیس سو چھپن میں چھبیس سال کی عمر میں موناکو کے شہزادہ رینیئر سے شادی کر لی تھی۔

اس فلم کے ہدایتکار اولیور دھان ہوں گے جنہوں نے فرانسیسی گلوکارہ ایڈتھ پیف کی آب بیتی کی ہدایتکاری کی تھی۔ اداکارہ ماریون کوٹیلارڈ کو سنہ دو ہزار آٹھ میں اس کردار پر آسکر ایوارڈ ملا تھا۔

فلم کے مصنف اراش آمل ہیں۔ کہانی دسمبر انیس سو اکسٹھ سے لے کر نومبر انیس سو باسٹھ تک کے حالات پر مبنی ہے جب موناکو میں ٹیکس نظام کے بارے میں کشیدگی بڑھ رہی تھی اور اداکارہ گریس کیلی کو موناکو جانا پڑا۔

نکول کڈمین سنہ دو ہزار تین میں فلم ’دی آورز‘ میں اپنی کارکردگی پر بہترین اداکارہ کا آسکر جیت چکی ہیں۔

اسی بارے میں