برازیل: اداکار کو غلطی سے پھانسی لگ گئی

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption تیاگو کلمیک ڈرامے میں جوڈا کا کردار نبھا رہے تھے

برازیل میں ایک ڈرامے کے دوران حادثاتی طور پر خود کو پھانسی لگانے والے ستائیس سالہ تھیٹر اداکار تیاگو کلمیک انتقال کر گئے ہیں۔

تیاگو کلمیک جمعہ کو اس وقت کوما میں چلے گئے تھے جب ایتاریر نامی شہر میں گڈ فرائی ڈے کے موقع پر سٹیج کیے گئے ڈرامے میں جوڈا کا کردار نبھاتے ہوئے خودکشی کے ایک منظر میں انہیں واقعی پھانسی لگ گئی۔

وہ خودکشی کی ایکٹنگ کر رہے تھے اور جب وہ چار منٹ تک رسی پر لٹکے رہے تو ان کے ساتھیوں کو محسوس ہوا کہ کچھ گڑ بڑ ہے۔

اس پر انہیں جلدی سے نیچے اتار کر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ اتوار کو انتقال کر گئے۔

ایتاریر کے سانتا کاسا ڈی ایتاپیوا نامی ہسپتال نے تیاگو کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے اور اب ان کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ کیا ڈرامے کے اس منظر کے لیے تیار کی گئی پھانسی کی رسی میں لگی گانٹھ میں کوئی گڑبڑ تو نہیں تھی۔