’عہد کریں کہ آپ کسی کی داشتہ نہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

تائیوان کے سالانہ مقابلہ حسن کے منتظمین کے مطابق مقابلے کی شرکاء کو اس بات کا عہد کرنا ہو گا کہ ان کے غیر ازدواجی تعلقات نہیں ہیں۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ’مس گلوبل سٹی‘ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ غیر معمولی اقدام مشہور شخصیات کے لو افیرز کے سکینڈل سامنے آنے پر کیے گئے ہیں۔

اس مقابلے کا آغاز جون میں ہو گا اور اگست میں فاتح کا اعلان کیا جائے گا۔

اس مقابلے میں شرکت کی خواہش مند خواتین کو لازمی طور ایک معاہدے پر دستخط اور اس کی شرائط پر عمل کرنا ہو گا جن کے تحت انہیں عہد کرنا ہو گا کہ وہ کسی کی رکھیل یا داشتہ نہیں ہونگی۔

اگر کوئی خاتون اس طرح کی سرگرمی میں ملوث پائی گئی تو اس کو مقابلے میں شرکت کے لیے نااہل قرار دے دیا جائے گا۔

یہ مقابلہ جیتنے والی دو خواتین سمیت سات خواتین نے رواں سال منقعد ہونے والے مقابلے میں شرکت سے پہلے کسی سے آشنائی نہ ہونے کا عہد کیا ہے۔

انہوں نے صحافیوں اور فوٹو گرافرز کے سامنے کہا ’ہیپی سٹی، کسی کی داشتہ نہیں بنیں گی۔‘

مقابلے کی ایک منتظم فیفی چینگ کے مطابق یہ معاہدہ ایک سال کے لیے ہو گا اور نئی شرائط کا مقصد ’خاندانوں کا تحفظ‘ ہے۔

’ماضی میں ہم نے ایسا نہیں کیا ہے لیکن اس سال یہ کرنے کا سوچا ہے کیونکہ ایسا لگ رہا تھا کہ داشتہ یا رکھیل ہونا ایک رجحان بنتا جا رہا ہے۔ ‘

فیفی چینگ کے مطابق ’ہمیں امید ہے کہ خواتین کو اپنا رویہ ٹھیک رکھنے کا درس دیا جا سکے گا اور یہ نیچے جانے کا کوئی اچھا راستہ نہیں ہے، تو اس کے لیے آپ کو پہلے مردوں کو انکار کرنا ہو گا۔‘

ان نئے قوانین کے انعقاد کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب تائیوان میں بیس بال کے ایک مقبول کھلاڑی چن منگ وینگ نے اعتراف کیا کہ ان کا آٹھ ماہ تک افیر رہا تھا۔

ان کے اس بیان پر تائیوان کی عوام کو شدید دھچکا لگا تھا کیونکہ وہ نہ صرف عوام میں مقبول تھے بلکہ انہوں نے تائیوان کا نام بیس بال کی دنیا میں روشن کیا۔

اس کے علاوہ تائیوان میں گزشتہ سال ایک سوپ اوپرا میں ’گھر کی تباہی‘ کے موضوع نے کافی مقبولیت حاصل کی تھی، اس میں دکھایا گیا تھا کہ داشتہ خاندانی نظام کو بکھیرنے کا کام کرتی ہے۔

فیفی چینگ کے مطابق بہت ساری لڑکیوں کے نزدیک کسی کی داشتہ ہونا ایک ٹھیک فعل ہے کیونکہ ان دنوں نوجوان اپنی خواہشات کو حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ ان کے نتائج کے بارے میں نہیں سوچتے ہیں۔

اسی بارے میں