وہ وعدہ ہی کیا۔۔۔

عامر خان تصویر کے کاپی رائٹ bbc
Image caption عامر خان کا ٹی وی شو چھ مئی سے شروع ہوگا

بالی وڈ اداکار عامر خان آج کل اپنے ٹی وی شو ’ستیے میو جیتے‘ کے کام میں اتنے مصروف ہیں کہ وہ اپنے بیٹے جنید خان کے ایک کرکٹ میچ کے لیے بھی وقت نہیں نکال پائے۔

جنید خان نے معذور بچوں کی امداد کے لیے ایک کرکٹ میچ کا انعقاد کیا جس میں عامر خان کے قریبی دوست سلمان خان، رانی مکھرجی، اور ارباز خان جیسی فلمی ہستیوں نے شرکت کی لیکن خود عامر خان نہیں آئے۔

سلمان خان نے اس موقع پر موجود لوگوں کو عامر کے نہ آنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا وہ اپنے ٹی وی شو کی نشریات کی تیاری میں مصروف ہیں اس لیے نہیں آ پائے۔

جنید خان نے بتایا ’میں نے پاپا سے اس میچ کا انعقاد کرنے سے پہلے پوچھا کہ آپ کب وقت نکال پائیں گے۔ انہوں نے کہا ایک مئی کو میں فری ہوں۔ لیکن اچانک اس دن بھی کام آ گیا اور وہ نہیں آ پائے۔‘

یہ میچ فلمی ستاروں اور معذور بچوں کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں معذور بچوں کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔

جب جنید سے عامر خان کے ٹی وی شو ’ستیے میو جیتے‘ کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ بولے کہ انہوں نے ابھی شو کے پرومو ہی دیکھے ہیں اور اس سے زیادہ وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔

جب جنید سے پوچھا گیا کہ مستقبل میں ان کا کیا منصوبہ ہے، کیا وہ فلموں میں کام کرنا چاہیں گے۔ تو جنید نے کہا ’ابھی تو میرے کالج کے دو سال باقی ہیں۔ ابھی کچھ طے نہیں کیا ہے۔ آگے کیا ہوگا، کچھ پتہ نہیں۔‘

اسی بارے میں