ابھیشیک بچن اپنے والد کے نقشِ قدم پر

ابھیشیک اور ایشوریہ بچن تصویر کے کاپی رائٹ pr
Image caption ساونت نے گنگا دیوی میں ایشوریہ کو لینے کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن وہ اپنی زچگی کے سبب ان کی فلم میں کام نہیں کر پائیں۔

امیتابھ بچن کے تین بھوجپوری فلمیں کرنے کے بعد اب ان کے صاحبزادے ابھیشیک بچن بھی اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلنے کی تیاری میں ہیں۔

ابھیشیک بچن امیتابھ کے میک اپ مین دیپک ساونت کی اگلی بھوجپوری فلم میں کام کرنے کے لیے تیار ہوگئے ہیں۔

اپنی فلم گنگا دیوی کے پروموشن کے دوران نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے دیپک ساونت نے کہا کہ ’ابھیشیک بچن نے مجھ سے کئی بار بھوجپوری فلموں میں کام کرنے کی خواہش ظاہر کی تو میں نے انہیں اپنی اگلی فلم میں کام کرنے کی پیشکش کر دی اور وہ فوراً تیار ہو گئے۔

دیپک ساونت کی فلم گنگا دیوی میں امیتابھ بچن کے ساتھ ان کی بیگم جیا بچن نے بھی کام کیا ہے۔

دیپک ساونت نے یہ بھی کہا کہ گنگا ساونت میں تو انہوں نے مرکزی کردار کے لیے ایشوریہ بچن کو لینے کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن وہ اپنی زچگی کے سبب ان کی فلم میں کام نہیں کر پائیں۔

امیتابھ اس سے پہلے بھی دیپک ساونت کی دو بھوجپوری فلموں میں کام کر چکے ہیں۔

دیپک گزشتہ 35 سال سے امیتابھ کے میک اپ مین رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’امیتابھ نے اپنی بیماری اور درد کے باوجود بغیر پیسے لیے میری فلم میں کام کیا‘۔انہوں نے کہا کہ وہ جیا بچن اور امیتابھ کے بہت شکر گذار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ امیتابھ کے ڈاکٹروں نے انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے اس لیے وہ فلم کے پروموشن پر نہیں آ سکے۔

امیتابھ بچن کافی عرصے سے پیٹ درد سے پریشان ہیں اور اسی سال ممبئی میں اس سلسلے میں ان کا آپریشن بھی ہوا تھا لیکن ان کے پیٹ کا درد ختم نہیں ہوا۔

میڈیا میں ایسی خبریں ہیں کہ امیتابھ بچن اپنے پیٹ درد کے علاج کے لیے امریکہ جا سکتے ہیں۔

اسی بارے میں