’زندگی میں کوئی ہے لیکن ابھی شادی نہیں‘

ودیا بالن تصویر کے کاپی رائٹ spl arrangement
Image caption ودیا بالن ایک بہترین اداکارہ ہیں

بالی وڈ اداکارہ ودیا بالن نے آخر کار یہ بات قبول کرلی کہ ان کی زندگی میں وہ شخص آچکا ہے جس سے شادی کرنا چاہیں گی لیکن ابھی صرف کیریئر ان کی ترجیج ہے۔

کافی عرصے سے میڈیا میں یہ خبریں عام تھیں کہ ودیا بالن موشن پکچرز کے چیف ایگزیکٹو آفسر سدھارتھ راج کپور سے جلد ہی شادی کرنے والی ہیں اور دونوں ایک دوسرے کے بے حد قریبی دوست ہیں۔

ودیا بالن نے کبھی اس خبر کی تصدیق نہیں کی تھی۔

چند ماہ پہلے ودیا بالن اور سدھارتھ گوا میں چھٹی منانے گئے تھے اور وہاں ان کی کھینچی ہوئیں تصاویر انٹرنیٹ پر شائع ہو گئیں تھیں۔

لیکن یہ پہلی بار ہے جب ودیا بالن نے قبول کیا ہے کہ وہ سدھارتھ راج کپور کے ساتھ رومانی رشتے رکھتی ہیں۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے ودیا بالن کے حوالے سے بتایا کہ’میں نے ابھی اپنے ذاتی زندگی کے حوالے سے کوئی منصوبہ نہیں بنایا ہے۔ میں ابھی منگنی بھی نہیں کرنے والی۔لیکن ہاں آگے جا کر میں ضرور شادی کروں گی۔ کوئی خاص شخص ہے میری زندگی میں۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ’خاص شخص‘ سدھارتھ رائے کپور ہیں، تو ودیا بالن نے کہا کہ میں قبول کرتی ہوں کہ میں ان کے ساتھ ڈیٹ پر جاتی ہوں لیکن اس سے زیادہ کچھ نہیں کہوں گی۔‘

ودیا بالن ان دنوں آسٹریلیا میں ہیں۔ انہیں آسٹریلیا کی وکٹوریہ ریاست کے لیے بالی وڈ کا سفیر مقرر کیا گیا ہے اور وہ گیارہ جون سے میلبرن میں شروع ہونے والے بھارتی فلم فیسٹول کی تشہیر کر رہی ہیں۔

ودیا بالن نےگزشتہ ایک دو برسوں میں عشقیہ، ڈرٹی پکچر اور کہانی جیسی ہٹ فلموں میں کام کیا ہے اور ان کی اداکاری کی بے حد تعریف ہوئی ہے۔ ان کی اداکاری کے لیے اس سال انہیں نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔

ودیا بالن ایک لمبے وقت سے ٹی وی اور فلموں میں کام کر رہی ہیں۔ فلموں میں آنے سے پہلے وہ ٹی وی سیریل میں کام کرتی تھیں۔ ٹی وی پر بہت سالوں تک ادکاری کرنے کے بعد انہیں ہدایت کار پردیپ سرکار نے ’پری نیتا‘ فلم کے لیے سائن کیا تھا جو باکس آفس پر بے حد ہٹ ہوئی تھی اور اس فلم میں ودیا بالن کی اداکاری کی بہت تعریف ہوئی تھی۔

اسی بارے میں