ادا کار راجیش کھنہ کی طبیعت مزید بگڑي

راجیش کھنّہ تصویر کے کاپی رائٹ Other
Image caption راجیش کھنہ بالی وڈ کے پہلے سپر سٹار مانے جاتے ہیں

کسی زمانے میں بھارتی فلم انڈسٹری پر برسوں تک راج کرنے والے اداکار راجیش کھنہ بیمار ہیں اور چند روز سے ان کی حالت بگڑی ہوئی ہے۔

اس وقت وہ اپنی رہائش گاہ پر ہیں اور ان کی اہلیہ ڈمپل کپاڈیہ ان کے ساتھ ہیں۔

اس سے پہلے اپریل کے مہینے میں کمزوری اور بے چینی جیسی شکایت کے بعد انہیں ایک ہسپتال میں داخل کیا گيا تھا لیکن بعد میں انہیں گھر پر ہی رکھا گيا ہے۔

راجیش کھنہ کے مینیجر اشونی نے خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو بتایا ’ان کی صحت اچھی نہیں ہے اور وہ گھر ہی پر ہیں۔ انہوں نے تین چار روز سے کھانا بھی نہیں کھایا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ان سے علیحیدہ رہنے والی ان کی اہلیہ ڈمپل کپاڈیہ جو خود بھی اداکارہ ہیں اس وقت ان کے ساتھ ہیں۔

اشونی نے بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اس وقت ان کی بیٹی رنکی کھنہ بھی ان سے ملاقات کے لیے آئی ہوئی ہیں۔

راجیش کھنہ پیار میں کا کا کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں۔ ساٹھ اور ستّر کے عشرے کے دوران راجیش کھنہ بمبي فلم انڈسٹری کے سب سے مقبول اداکار تھے۔

راجیش کھنہ کو بالی وڈ کا پہلا سپر سٹار کہا جاتا ہے۔ انہوں نے آرادھنا، آنند، باورچی اور راز جیسی کئی یاد گار فلموں میں کام کیا۔

حال ہی میں وہ زمانے بعد ٹی وی پر ایک کمپنی کے پنکھے کے اشتہار میں نظر آئے اور ان کے اس کام کے بھی کافی تذکرے رہے ہیں۔

اسی بارے میں