ناکامی کا خوف ستاتا رہتا ہے:بپاشا باسو

آخری وقت اشاعت:  منگل 28 اگست 2012 ,‭ 14:15 GMT 19:15 PST

کئی بار اپنی کمزوری مان لینی چاہیے:بپاشا باسو

بالی وڈ اداکارہ بپاشا باسو کا کہنا ہے کہ انہیں اگر کسی چیز سے ڈر لگتا ہے تو وہ ان کی ناکامی اورگمنامی کے اندھیرے میں کھو جانے کا خوف ہے۔

انہوں نے یہ بات ممبئی میں اپنی آنے والی فلم راز تھری سے متعلق ایک تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس فلم کے پروڈیوسر مہیش بھٹ نے کچھ دن پہلے کہا تھا کہ جب بپاشا نے راز تھری سائن کی تو نہ صرف اس وقت وہ اپنے کیرئیر کے برے دور سے گزر رہی تھیں بلکہ ذاتی زندگی میں بھی ان کا اچھا وقت نہیں تھا۔

مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ بپاشا نے اپنی حقیقی زندگی کے درد کو پردے پر بخوبی اتارا۔

اس پر جب بپاشا کا ردعمل طلب کیا گیا تو انہوں نے براہِ راست جواب تو نہیں دیا لیکن کہا، ’میں ہی کیا، ہر اداکار کو ناپسند کیے جانے کا خوف ستاتا ہے۔ ناکامی سے ہر کوئی خوف کھاتا ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’راز تھری میں میرا کردار ایسی ہی ایک اداکارہ کا ہے، جو ایک نئی ہیروئن کے آنے سے اپنے کیریئر کے لیے خطرہ محسوس کرتی ہے اور اس سے نجات پانے کے لیے کالے جادو کا سہارا لیتی ہے‘۔

"ہر بار مضبوطی کا دکھاوا کرنا کوئی عقل مندی نہیں. یقین جانیں آپ اپنے برے حالات قبول کریں گے تبھی ان سے لڑنے کا حوصلہ آپ میں آئے گا۔"

بپاشا باسو

بپاشا نے کہا کہ وہ تسلیم کرتی ہیں کہ ان کا کیریئر ٹھیک نہیں چل رہا تھا لیکن بالی وڈ کے کئی فنکار اپنی ناكاميابي کی بات کو قبول بھی نہیں کر پاتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں مضبوط ہوں، ہر قسم کے حالات کا سامنا کر سکتی ہوں، یہ کہنا بھی درست نہیں۔ کئی بار اپنی کمزوری مان لینی چاہیے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہر بار مضبوطی کا دکھاوا کرنا کوئی عقل مندی نہیں. یقین جانیں آپ اپنے برے حالات قبول کریں گے تبھی ان سے لڑنے کا حوصلہ آپ میں آئے گا‘۔

سات ستمبر کو ریلیز ہونے والی راز تھری کے ساتھ بپاشا باسو ایک بار پھر بھٹ کیمپ میں لوٹ رہی ہیں۔ اس سے پہلے وہ اس بینر کے تحت ’جسم‘ اور ’راز‘ جیسی سپر ہٹ فلمز میں کام کر چکی ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔