پاکستان سے چار نئی کتابیں

آخری وقت اشاعت:  بدھ 12 ستمبر 2012 ,‭ 01:33 GMT 06:33 PST

تبصرے کے لیے بی بی سی اردو کو جو کتابیں اور رسائل ملے ہیں، ان میں سے کچھ کی تفصیلات ہم آپ کو پیش کر رہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ یہ سلسلہ اس لیے شروع کیا جا رہا ہے تاکہ آپ کو کتابوں اور ادبی رسالوں کی خبر جلد جلد از جلد مل جایا کرے۔

ان کی تفصیل آپ کو تبصرے کی صورت میں بھی ملتی ہے لیکن اس میں بہ وجوہ دیر لگ جاتی ہے۔

آج کی کتابیں ہیں، اسکیپ فرام اوبلیویئن، بے خواب سفر، باغِ لذت اور باتوں کی پیالی میں چائے۔

ہندوستانی جنگی کیمپ سے پاکستانی فوجی کا فرار

نام کتاب: اسکیپ فرام اوبلیویئن

مصنف: اکرام سہگل

صفحات: 137

قیمت: 695 روپے

ناشر: اوکسفرڈ یونیورسٹی پریس پاکستان۔ پی او بکس 8214، کراچی۔ 74900

اکرام سہگل پاکستانی فوج میں افسر تھے۔ وہ ہندستان میں جنگی قیدی بنے لیکن وہ پہلے پاکستانی جنگی قیدی تھے جو قیدیوں کے لیے کیمپ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ یہ کتاب اس عرصے کی ان یاداشتوں پر مشتمل جو محفوظ رہ گئیں۔

امان اللہ خان کے بارہ افسانے

نام کتاب: بے خواب سفر

مصنف: امن اللہ خان

صفحات: 156

قیمت: 250 روپے

ناشر: مثال پبلشرز۔ رحیم سینٹر، پریس مارکیٹ، امین پور بازار، فیصل آباد

اس کتاب میں امان اللہ خان کا کوئی تعارف نہیں کرایا گیا۔ نہ ہی ان کی کسی اور تحریر کا حوالہ ہے لیکن ان کے لکھے ہوئے پیش لفظ سے حہ ضرور علم ہوتا ہے کہ ان کے افسانے پاکستان کے نمایاں جرائد میں شائع ہوتے رہے ہیں۔ کتاب کی تمہیں اسد محمد خان نے باندھی ہے اور کتاب میں بارہ افسانے ہیں۔ کتاب کی پشت پر بانو قدسیہ کا خط بھی شائع کیا گیا ہے۔

چھ سو سال پہلے عربی میں لکھی جانے والی کتاب

نام کتاب: باغِ لذت

مصنف: محمد النفزاوی

ترجمہ: یاسر جواد

صفحات: 168

قیمت: 200 روپے

ناشر: آصف جاوید۔ نگارشات پبلیشرز، 24- مزنگ روڈ لاہور

یہ عربی کی مشہور کتاب ’الروض العاطر فی نزہۃ الخاطر‘ کا ترجمہ ہے۔ انگریزی میں اس کتاب کا ترجمہ فرانسیسی سے کیا گیا۔ بعد میں دنیا نے اس کتاب کو سر رچرڈ فرانسس برٹن کے 1886 کے ترجمے سے ہی جانا۔ سر برٹن کی تحقیق کے مطابق عربی میں یہ کتاب محمد النفزاوی نے 1410 سے 1434 کے درمیان اس وقت لکھی جو تیونس کے خلیفہ ابوفارس عبدالعزیم تھے اور یہ انھی کی فرمائش پر لکھی گئی۔ اسے جنسی امور اور تعلقات کے بارے میں اہم کتاب تصور کیا جاتا ہے۔

پچاس شخصیتوں سے خرم سہیل کی باتیں اور ملاقاتیں

نام کتاب: باتوں کی پیالی میں چائے

مصنف: خرم سہیل

صفحات: 408

قیمت: 600 روپے

ناشر: سٹی بُک پوائنٹ۔ نوید اسکوائر، اردو بازار، کراچی

یہ خرم سہیل کی پہلی کتاب کا دوسرا ایڈیشن ہے۔ وہ اب کراچی میں جاپان کے قونصل خانے سے وابستہ ہیں۔ اس سے پہلے وہ وہ تھیٹر اور ریڈیو سے بھی وابستہ رہے اور ملازم و آزاد صحافی کے طور پر بھی کام کرتے رہے۔ان کی یہ کتاب ادب، شوبز اور بہت سی عالمی شخصیات کے پچاس انٹرویوز پر مشتمل ہے۔ جن میں انتظار حسین، مولانا ستار ایدھی، ضیا محی الدین، عائشہ جلال، اور گوپی چند نارنگ جیسے نام بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔