امریکہ کی نئی پویٹ لوریٹ

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 14 ستمبر 2012 ,‭ 15:44 GMT 20:44 PST

نتاشا ٹریتھیوے امریکہ کی انیسویں سرکاری شاعر ہیں۔

امریکی کی نئی پویٹ لوریٹ نتاشا ٹریتھیوے نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ انھیں اس سال جون میں امریکہ کی سرکاری شاعرہ منتخب کیا گیا تھا۔

وہ امریکہ کی چوتھی ایسی شاعرہ ہیں۔ انیس سو چھیاسی سے اب تک انیس شعرا اس اعزاز پر فائز ہو چکے ہیں۔

امریکہ کے پویٹ لوریٹ کا انتخاب لائبریری آف کانگریس کرتی ہے اور منتخب شاعر ایک سال تک ملک کے سرکاری شاعر کے عہدے پر فائز رہتا ہے۔

چھیالیس سالہ نتاشا چار شعری مجموعوں کے مصنفہ ہیں۔ انہیں اپنے مخصوص شعری لہجے اور منفرد آہنگ کی وجہ سے متعدد انعامات و اعزازت سے نوازا جا چکا ہے۔ وہ امریکہ کی ایموری یونیورسٹی میں شاعری کی پروفیسر ہیں۔

نتاشا کے ہاں ہیت کے تجربے بھی نظر آتے ہیں۔ وہ کلاسیکی اصناف کے علاوہ آزاد نظم میں بھی طبع آزمائی کرتی ہیں۔ ان کی شاعری میں ماضی اور حال ایک دوسرے کی بانہوں میں بانہیں ڈال کر چلتے ہیں۔ ان کا ایک مرغوب موضوع امریکہ کی خانہ جنگی ہے، جس کی جھلکیاں ان کی کئی نظموں میں ملتی ہیں۔

نتاشا کی والدہ سیاہ فام اور والد کینیڈا سے تعلق رکھنے والے سفید فام سماجی کارکن اور انگلش کے پروفیسر تھے، جن کی شادی اس وقت ہوئی تھی جس وقت امریکہ کی جنوبی ریاستوں میں مخلوط النسل شادیوں پر پابندی تھی۔ نتاشا نے اس نسلی تعصب کو اپنی روح کی گہرائیوں سے محسوس کیا جو ان کی شاعری میں کبھی زیرِ زمین اور کبھی سطح پر چلتا رہتا ہے۔

نتاشا لفظوں کی مدد سے تصویر کھینچنے کے فن میں بے حد مہارت رکھتی ہیں۔ وہ نہ صرف قاری کو منظر کے اندر لے جاتی ہیں بلکہ قاری کو جذبات و احساسات کی اس پھوار میں بھی بھگو دیتی ہیں جس نے ان سے نظم کہلوائی تھی۔ اس کی ایک مثال ان کی نظم ’زیارت‘ میں دکھائی دیتی ہے:

یہاں دریائے مسی سپی نے
کیچڑ سا کالا راستا تراش رکھا ہے
قبرستان
ڈوبی ہوئی کشتیوں کے ڈھانچوں کا

یہاں دریا نے راستا بدل ڈالا تھا
شہر سے یوں منہ موڑ لیا تھا
جیسے کوئی ماضی کو بھول کر
اچانک مڑ جاتا ہے

متروک چٹانیں، ڈھلوان اوپر کو اٹھتی ہے
دریا کے موڑ سے اوپر، جہاں
جہاں یازُو نالا مسی سپی کا
خالی دامن بھرتا ہے

امریکہ میں سرکاری شاعر کا ایک سال کے لیے انتخاب کیا جاتا ہے۔ اس دوران وہ ملک میں شاعری کے فروغ کے لیے کام کرتا ہے اور مشاعروں، شعری تقریبات اور سیمیناروں میں شرکت کرتا ہے اور لیکچر دیتا ہے۔

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔