پاکستان سے نئی کتابیں

آخری وقت اشاعت:  منگل 18 ستمبر 2012 ,‭ 09:52 GMT 14:52 PST

تبصرے کے لیے بی بی سی اردو کو جو کتابیں اور رسائل ملے ہیں، ان میں سے کچھ کی تفصیلات ہم آپ کو پیش کر رہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ یہ سلسلہ اس لیے شروع کیا جا رہا ہے تاکہ آپ کو کتابوں اور ادبی رسالوں کی خبر جلد جلد از جلد مل جایا کرے۔

ان کی تفصیل آپ کو تبصرے کی صورت میں بھی ملتی ہے لیکن اس میں بہ وجوہ دیر لگ جاتی ہے۔

کراچی سے نئے کتابی سلسلے ’کولاژ‘ نے ابتدا کی ہے اور ’اجرا‘، ’تسطیر‘، ’ادبیات‘ اور ’ادب و ثقافت‘ کے نئے شمارے سامنے آئے ہیں۔

سہ ماہی ’اجرا‘ کا دسواں شمارہ

سہ ماہی ’اجرا‘ کا دسواں شمارہ

نام: اجرا - اپریل تا جون 2012

مدیر: احسن سلیم

صفحات: 576

قیمت: 400 روپے

ناشر: اجرا، 1-G-3/2 ناظم آباد۔ کراچی، پاکستان

اجرا کا یہ شمارہ اپریل تا جون 2012 ہے۔ اس میں ادارتی گفتگو اور اداریے کے علاوہ چھ نعتیں اور سلام، ادب برائے تبدیلی کے عنوان سے بحث، ستائیس نظمیں، بتیس تراجم، ستاون غزلیں، انیس افسانے، کہانیاں اور ناولٹ، تنقید، تحقیق، اور مطالعاتی تجزیے کے حوالے سے تیرہ مضامین، طنز و مزاح پر مبنی پانچ تحریریں، دو تبصرے اور مطالعے اور قاسم خورشید کے پانچ افسانوں پر مبنی خصوصی حصہ اور خطوط و آرا ہیں۔ اس شمارے میں پاکستان اور بیرون پاکستان سے ایک سو چھتیس سے زیادہ لکھنے والے شریک ہیں۔

سہ ماہی ’ادبیات‘ کا شمارہ نمبر 96

سر ورق کے لیے کسی کا نام نہیں دیا گیا۔

سہ ماہی ’ادبیات‘ کا شمارہ نمبر 96

نام: ادبیات (جولائی تا ستمبر 2012)

مدیر: عاصم بٹ

صفحات: 315

قیمت: پاکستان، 100 روپے، بیرونِ ملک 40 امریکی ڈالر

ناشر: اکادمی ادبیات پاکستان۔ پطرس بخاری روڈ H-8/1۔ اسلام آباد۔ پاکستان

سہ ماہی ادبیات کا یہ عام شمارہ ہے، جیسے دوسرے جریدوں کے خاص نمبر گاہے گاہے شائع ہوتے ہیں، ویسے ہی ادبیات کا عام شمارہ کبھی کبھی شائع ہوتا ہے۔ موجودہ شمارہ پانچ سال بعد شائع ہوا ہے۔ اس میں پانچ حمد و نعتیں ہیں، پانچ ناولوں کے حصے ہیں، چار افسانے ہیں، پانچ ہی مضون ہیں، تین مضمون فنونِ لطیفہ کے بارے میں ہیں، تینتیس غزلیں، اتنی ہی نظمیں، مزاح کے حوالے سے پانچ تحریریں، پانچ تراجم، جاوید انور اور یاسمین حمید کے خصوصی مطالعے اور پاکستان کی قومییتی زبانوں پنجابی، سندھی، پشتو کی تین تین تخلیقات اور دو دو تخلیقات بلوچی، سرائیکی، برہوی، ہندکو اور پوٹھوہاری ہیں۔ اس شمارے کا سر ورق مہتاب علی کی تخلیق ہے۔

سہ ماہی ’تسطیر‘ جلد 16، شمارہ، 1،2

نام: تسطیر (جنوری تا جون2012)

مدیر: نصیر احمد ناصر

صفحات: 640

قیمت: 500 روپے

ناشر: نصیر احمد، 25 اے شادمان کالونی1، جیل روڈ، لاہور_ پاکستان

سہ ماہی تسطیر کے اس شماری میں دو شماروں کو یکجا کیا گیا ہے۔ اداریے کے بعد ردِعمل کے تحت ’ادبی نظریہ‘ کے عنوان سے بحث ہے، لمسِ رفتہ کے عنوان سے منشا یاد اور صلاح الدین پرویز کے بارے میں مضامین اور نظمیں ہیں۔ پچیس افسانے ہیں، بیالیس کے لگ بھگ نثری اور ایک سو دس سے زائد منظوم نظمیں ہیں۔ چوالیس غزلیں شائع کی گئی ہیں جبکہ چھ تراجم کے علاوہ آٹھ تنقیدی اور دو فلسفیانہ مضامین، تقریباتی تنقید کے عنوان سے ایک گفتگو، مستنصر حسین تارڑ سے انٹرویو، دو مطالعے اور مراسلات کے شعبے میں بارہ خطوط ہیں۔

ایک نیا کتابی سلسلہ: کولاژ

نام: کولاژ (اگست تا اکتوبر 2012)

مرتب: اقبال نظر، شاہدہ تبسم

صفحات: 556

قیمت: 300 روپے

ناشر: کولاژ پبلی کیشنز، حفیظ پلازہ، سیکنڈ فلور، 57- دارالامان کوآپریٹو سوسائٹی،کراچی۔ 75350

کولاژ کی ابتدا حمد و نعت سے کی گئی ہے۔ اسی حصے میں کولاژ کی صراحت کے بارے میں ایک مضمون بھی ہے۔ افسانے کے شعبہ میں تیئیس تخلیقات ہیں، جس میں تراجم اور ایک افسانہ بھی شامل ہے۔ سینتیس غزلیں، چوبیس نظمیں اور شعری تراجم، ایک تمثیل، ایک رپورتاژ، ایک ناولٹ کا ترجمہ، اسٹریٹ تھیٹر کے حوالے سے مضامین اور انٹرویو، خصوصی مطالعے کا ایک حصہ، آرٹ کے بارے میں تین مضامین اور ادیبوں کی نیک خواہشات پر مبنی خطوط۔ کولاژ کی پہلی کتاب کی تزئین و آرائش انجم ایاز نے کی ہے۔

’ادب و ثقافت‘ امریکہ کا بارہواں شمارہ

نام: ادب و ثقافت، انٹرنیشنل

مدیران: شکیل سروش، شیخ اعجاز

صفحات: 136

قیمت: 200 روپے

ناشر: مثال پبلشرز، رحیم سینٹر۔ پریس مارکیٹ امین پور بازار، فیصل آباد۔ پاکستان

اس جریدے کی ابتدا ایک حمد اور ایک نعت سے کی گئی ہے۔ مضامین کے شعبے میں تین مضامین ہیں۔ ترجموں سمیت آٹھ نظمیں ہیں۔ تین افسانے اور چورانوے غزلیں ہیں۔ یہ جریدہ بیدل حیدری کی یاد میں نکالا جاتا ہے اور سرورق کے پہلےاندرونی حصے پر ان کی تصویر کے ساتھ ان کی غزلوں کے منتخب اشعار بھی دیے گئے ہیں۔ سرورق کی بنانے والے کا نام شاملِ اشاعت نہیں ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔