میڈونا کا ملالہ کو خراجِ تحسین

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 11 اکتوبر 2012 ,‭ 16:12 GMT 21:12 PST

میڈونا ماضی میں بھی اپنے پروگراموں میں اہم موضوعات پر رائے کا اظہار کرتی رہی ہیں

مشہور امریکی گلوکارہ میڈونا نے لاس اینجلس میں منعقدہ محفلِ موسیقی میں پاکستان کی وادئ سوات میں طالبان کے حملے میں زخمی ہونے والی طالبہ ملالہ یوسفزئی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

بدھ کی شب سٹیپلز سنٹر میں منعقدہ تقریب میں میڈونا نے ایک گانا چودہ سالہ زخمی طالبہ کے نام کیا۔

امریکی ویب سائٹ ہالی وڈ رپورٹر کے مطابق میڈونا کا کہنا تھا کہ جب انہیں اس واقعے کی خبر ملی تو وہ رو دیں۔

انہوں نے اپنا گانا ’ہیومن نیچر‘ گانے سے قبل کہا ’ یہ نغمہ تمہارے لیے ہے ملالہ‘۔ میڈونا نے ملالہ کا نام اپنے جسم پر بھی لکھوایا ہوا تھا۔

ویب سائٹ کے مطابق میڈونا نے کانسرٹ میں موجود شائقین کو مخاطب کر کے کہا کہ کیا آپ کو اندازہ ہے کہ یہ(ملالہ پر حملہ) کتنی گھٹیا بات ہے؟

نغمے کے بعد چون سالہ گلوکارہ نے باآوازِ بلند کہا ’تعلیم کی حمایت کرو، خواتین کی حمایت کرو‘۔ اُن کے ان نعروں کا شائقین نے پرجوش انداز میں جواب دیا۔

خیال رہے کہ میڈونا ماضی میں بھی اپنے پروگراموں میں اہم موضوعات پر رائے کا اظہار کرتی رہی ہیں۔

میڈونا کے کانسرٹ میں شرکت کرنے والے افراد ان کے اس عمل سے بہت متاثر ہوئے اور محفل کے اختتام پر سوشل میڈیا پر اس چیز کا چرچا ہوتا رہا۔

ملالہ یوسفزئی کو منگل کے روز سوات کے شہر مینگورہ میں فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا تھا اور تحریکِ طالبان پاکستان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

اس وقت ملالہ راولپنڈی میں زیرِ علاج ہیں اور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دن ان کی زندگی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔