سشمیتا کا عیسائی طرز کی شادی کا خواب

آخری وقت اشاعت:  اتوار 21 اکتوبر 2012 ,‭ 13:56 GMT 18:56 PST
سشمیتا سین

سشمیتا سین کا کہنا ہے کہ وہ شادی کے ادارے میں یقین رکھتی ہیں۔

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سشمیتا سین نے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ سے شادی کرنا چاہتی ہیں اور شاید یہ سہانی گھڑی اگلے سال آنے والی ہے۔

سشمیتا سین کے مطابق انہیں شادی کا خیال ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ عیسائیوں کے انداز میں ان کی شادی کی شاندار تقریب ہو۔

خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو انہوں نے بتایا کہ’عیسائی برادری کی طرح شادی کرنا میرے بچپن کاخواب ہے جیسے کہ پریوں کی کہانی ہوتی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اپنے آپ کو ہمیشہ دلہن کے ایسے جوڑے میں دیکھتی ہوں جس نے گاؤن پہن رکھی ہے اور اس کی اوڑھنی پیچھے دور تک لہراتی جاتی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ میں اپنی شادی کے خواب میں دیکھتی ہوں کہ میں سیڑھیوں سے اتر کر آتی ہوں اور میرے والد میرا ہاتھ میرے دولہے کے ہاتھ میں دے دیتے ہیں اور یہ سب کتنا رومانوی ہے۔‘

دلی سے متصل شہر گڑگاؤں میں ڈیزائنر مندیرا ورک کے تیار کردہ ملبوسات کی نمائش کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کے دوران انہوں نے پی ٹی آئی سے بات کی۔

اس تقریب میں انہوں نے دلہن کی لباس میں ریمپ پر واک بھی کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس طرح کے لباس میں ریمپ پر چلنا کتنا جذباتی ہو سکتا ہے اور یہ آپ سمجھ سکتے ہیں۔ میں شادی کے سماجی بندھن میں یقین رکھتی ہوں اور یہ چیزین اشارہ کر رہی تھیں کہ یہی وہ وقت ہے۔‘

واضح رہے کہ چھتیس سالہ سابق مس یونیورس نے دو بچیوں رینی اور علی شاہ کو گود لے رکھا ہے اور اب وہ خود اپنی شادی کے بارے میں سنجیدگی سے سوچ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ’میں بھی روایتی بھارتی شادی کروں گی کیونکہ میرے والد ایسا ہی چاہتے ہیں۔ فی الحال میں اس پر کافی سنجیدگی سے غور کر رہی ہوں۔ شاید اگلے سال کسی دن یہ گھڑی آ جائے۔‘

مبینہ طور پر کہا جاتا ہے کہ وہ کچھ دنوں تک ہدایتکار مدثر عزیز اور اداکار مندیپ ہودا کے کافی قریب تھیں اور اب کہا جاتا ہے کہ وہ ایک تاجر امتیاز کھتری کے قریب ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔