پُسی رائٹ کی دو ارکان کی کیمپوں میں منتقلی

آخری وقت اشاعت:  پير 22 اکتوبر 2012 ,‭ 14:49 GMT 19:49 PST

دس اکتوبر کو دونوں خواتین کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کر دی گئی تھی

روس میں صدر ولادیمیر پوتین کے خلاف احتجاج کرنے والے میوزک بینڈ پُسی رائٹ کے وکیل اور حامیوں کا کہنا ہے کہ بینڈ کی دو سزا یافتہ خاتون ارکان کو گھر سے دور دو مختلف جیل کیمپوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق دارالحکومت ماسکو کے مشرقی میں واقع پرم اور موردویا کے کیمپوں کے حالات کافی سخت ہیں۔

پسی رائٹ بینڈ کی دو ارکان چوبیس سالہ ماریا الیوکہینا اور بائیس سالہ نادیزہدا ٹولونوکویا کو رواں سال اکیس فروری کو ماسکو کے آرتھوڈاکس چرچ میں مذہب سے نفرت کی بنیاد پر ہلڑبازی کرنے کے الزام میں دو سال قید کی سزا دی گئی تھی۔

دو وکلاء اور حقوق انسانی کے کارکنوں نے احتجاجی کیمپ ویینا سے اطلاع دی ہے کہ دونوں ارکان کو کمیپوں میں منتقل کیا جا رہا ہے اور یہ کیمپ ماسکو سے مشرق کی طرف کافی دور واقع ہیں۔

حکام نے ابھی تک ان خواتین کو منتقل کرنے کے حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی ہے اور نہ ہی یہ معلوم ہو سکا ہے کہ کس کیمپ میں انہیں رکھا جائے گا۔

ایک روسی ویب سائٹ نیوز آر یو ڈاٹ کام کا کہنا ہے کہ خواتین اب اپنے خاندان اور اپنے کارکن ساتھیوں سے بہت دور ہیں۔

رواں ماہ دس اکتوبر کو دونوں خواتین کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کر دی گئی تھی لیکن ایک تیسری رکن یکاترینا سموسووچ کی سزا کو معطل کرتے ہوئے جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔

اس درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ خواتین کو اس وقت تک جیل نہیں بھیجا جا سکتا جب تک ان کے بچوں کی عمر چودہ سال نہیں ہو جاتی ہے۔

ماریا الیوکہینا کا پانچ سال کا بیٹا ہے جب کہ ٹولونوکویا کی چار سال کی بیٹی ہے۔

اس سے پہلے اگست میں پُسی رائٹ کے ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا تھا کہ پولیس کو مطلوب ان کی دو اراکین ملک سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔