بھارت: مقبول مزاحیہ اداکار جسپال بھٹی ہلاک

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 25 اکتوبر 2012 ,‭ 07:41 GMT 12:41 PST
جسپال بھٹی

جسپال بھٹی سماجی مسائل پر آواز اٹھانے اور احتجاج کرنے کے لیے مشہور تھے

بھارت کے مقبول ترین مزاحیہ اداکاروں میں سے ایک جسپال بھٹی پنجاب کے شہر جالندھر کے قریب ایک سڑک حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔اس حادثے میں ان کا بیٹا بھی زخمی ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ سڑک حادثہ جالندھر شہر کے پاس شاہ کوٹ نامی علاقے میں ہوا ہے۔

بھارتی ٹی وی چینلز کے مطابق جسپال بھٹی اپنی آنے والی فلم ’پاور کٹ‘ کی تشہیر کے لیے پنجاب کے موگا شہر سے جالندھر جا رہے تھے۔

جسپال بھٹی نہ صرف ایک مزاحیہ اداکار تھے بلکہ وہ سماجی مسائل پر آواز اٹھانے، حکومت کے خلاف اپنے ہی انداز میں احتجاج کرنے کے لیے بھی جانے جاتے تھے۔

سنہ انیس سو اسی اور نوے کی دہائی میں جسپال بھٹی بھارتی ٹی وی دیکھنے والے بہت سے گھروں میں مقبول تھے۔ اسی دوران ان کے دو مزاحیہ پروگرام ’فلاپ شو‘ اور ’الٹا پلٹا‘ بے حد مقبول ہوئے تھے۔ فلاپ شو میں ان کی اہلیہ نے ان کے ساتھ اداکاری کی تھی۔

ٹی وی ناقدین کے الفاظ میں جسپال بھٹی ’سماج کی نس‘ کو سمجھتے اور ہر مسئلے پر نظر رکھتے تھے۔

جسپال بھٹی ٹی وی، سٹیج اور فلموں میں کام کرتے رہے اور حال ہی میں انہوں نے ٹی وی شوز کم کر کے پنجابی فلموں کی طرف اپنا رخ کر لیا تھا۔ پنجابی فلمی انڈسٹری میں جسپال بھٹی ایک اعلی مقام رکھتے تھے۔

"جسپال بھٹی کے پروگرام بے حد دلچسپ ہوتے تھے۔ اس طرح کے لوگوں کا اس ملک میں ہونا بے حد ضروری ہے۔ وہ مذاق میں ایسی باتیں کہ جاتے تھے جو بے حد گہری اور معنی خیز ہوتی تھیں۔ ان کی موت کی خبر سن کر میں سکتے میں ہوں"

اداکار ارشد وارثی

پیشے سے انجینئر، جسپال بھٹی مزاح کو اپنا ’پہلا پیار‘ کہتے تھے۔

ان کے ساتھی فلم اور ٹی وی اداکار شیکھر سمن نے جسپال بھٹی کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’بہت خوبصورت یادیں ہیں ان کے ساتھ میری۔۔ ابھی تو ہم یش چوپڑا کی موت کی خبر سے ابھر نہیں پائے تھے اور اب جسپال بھٹی کی موت کی خبر۔۔ مجھے تو یقین نہیں ہورہا ہے۔ میں تو یہی دعا کروں گا کہ ان کے خاندان والے اس صدمے کو برداشت کرسکیں۔‘

’منا بھائی ایم ایم بی بی ایس‘ جیسی فلموں میں کام کرنے والے بالی وڈ کے مقبول اداکار ارشد وارثی نے ایک نجی ٹی وی چینل کو بتایا ’جسپال بھٹی کے پروگرام بے حد دلچسپ ہوتے تھے۔ اس طرح کے لوگوں کا اس ملک میں ہونا بے حد ضروری ہے۔ وہ مذاق میں ایسی باتیں کہ جاتے تھے جو بے حد گہری اور معنی خیز ہوتی تھیں۔ ان کی موت کی خبر سن کر میں سکتے میں ہوں۔‘

واضح رہے کہ جسپال بھٹی نے متعدد علاقائی فلموں کے علاوہ ’جانم سمجھا کرو‘، ’ہمارا دل آپ کے پاس ہے‘، ’کچھ نا کہو‘، ’فنا‘ اور ’موسم‘ جیسی کئی ہندی فلموں میں کام کیا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔