’سو کروڑ کی خواہش ہے پر کام پر سمجھوتہ نہیں‘

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 26 اکتوبر 2012 ,‭ 05:51 GMT 10:51 PST

میں اپنے فنکاروں سے اچھا کام نکلوانا جانتا ہوں: پرکاش جھا

بالی وڈ میں سماج اور حالاتِ حاضرہ سے جڑے موضوعات پر گنگاجل، اپہرن اور راج نیتی جیسی فلمیں بنانے والے فلمساز پرکاش جھا کا کہنا ہے کہ وہ بھی چاہتے ہیں کہ ان کی فلمیں سو کروڑ کا کاروبار کریں لیکن اس کے لیے وہ اپنے کام پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔

پرکاش جھا کی نئی فلم ’چکرویو‘ حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے اور اس مرتبہ انہوں نے نکسل مسئلے کو اپنی فلم کا موضوع بنایا ہے۔

بی بی سی ہندی سے خصوصی بات چیت میں پرکاش جھا نے کہا کہ ’سماجی موضوعات پر فلم بنانے کے ساتھ ساتھ میں یہ بھی چاہتا ہوں کہ میری فلم بھی سو کروڑ روپے كمائے۔ بھلا ایسا کون ہے جس کی یہ خواہش نہ ہو‘۔

لیکن ساتھ ہی پرکاش جھا کا یہ بھی کہنا ہے کہ اپنی اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے وہ اپنے کام میں کسی بھی طرح کا سمجھوتہ نہیں کریں گے اور اپنی طرح کی فلمیں بناتے رہیں گے۔

پرکاش جھا کی نئی فلم میں ارجن رامپال، ابھے دیول، منوج باجپئي اور ایشا گپتا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

پرکاش جھا کا دعویٰ ہے کہ ان کی فلم میں فنکاروں کا کام اس لیے نكھر کر آتا ہے کیونکہ وہ ان پر کافی محنت کرتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں،’لوگوں کا خیال ہے کہ ارجن رامپال صرف میری ہی فلموں میں اچھا کام کرتے ہیں۔ ایسا کیوں ہوتا ہے۔ ایسا اس لیے ہوتا ہے کیونکہ میں اپنے فنکاروں سے اچھا کام نکلوانا جانتا ہوں۔ دوسرے لوگ محنت نہیں کرنا چاہتے تو اس میں فنکاروں کی کیا غلطی ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’نکسل مسئلہ‘ پر مبنی اس فلم کی شوٹنگ نکسلی علاقوں میں نہیں کی گئی۔’ہم نے بالکل نکسلیوں کے علاقے میں جا کر شوٹنگ نہیں کی۔ بس پچمڑھي اور ستپڑا کے جنگلوں میں شوٹنگ کی۔ وہاں نکسل مسئلہ زیادہ نہیں ہے‘۔

'’چکرویو‘ کے بعد اب پرکاش جھا فلم ’ستیہ گرہ‘ پر کام شروع کرنے والے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ فلم انا ہزارے کی بدعنوانی مخالف تحریک کی بنیاد پر ہے۔ اس فلم میں امیتابھ بچن اہم کردار ادا کرنے والے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔