’بانڈ فلم کا ولن بننا خارج از امکان نہیں‘

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 2 نومبر 2012 ,‭ 05:09 GMT 10:09 PST

برطانوی پریس نے ڈینیئل کریگ کو اب تک کا ’بہترین بانڈ‘ بھی کہا ہے

جیمز بانڈ سیریز کی فلموں میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار ڈینیئل کریگ کا کہنا ہے کہ تین فلموں میں جیمز بانڈ کا کردار ادا کرنے کے بعد وہ اب فلم میں ولن کا کردار ادا کرنے کے امکان کو خارج از امکان قرار نہیں دے سکتے۔

بانڈ سیریز کی تازہ ترین فلم ’سکائی فال‘ پچیس اکتوبر کو برطانیہ میں ریلیز کی گئی ہے جبکہ بقیہ دنیا میں یہ نومبر کے اوائل میں ریلیز کی جا رہی ہے۔

یہ بانڈ سیریز کی تیئیسویں اور ڈینیئل کریگ کی بطور جیمز بانڈ تیسری فلم ہے۔ اس سے قبل وہ ’کیسینو رویال‘ اور ’کوانٹم آف سولیس‘ میں یہ کردار نبھا چکے ہیں۔

’سکائی فال‘ نے ریلیز کے پہلے ہفتے میں اکیاسی ملین ڈالر کے لگ بھگ کاروبار کیا ہے۔ یہ برطانیہ میں پہلے ہفتے کے آخر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ اس فہرست میں پہلا نمبر فلم ’ہیری پوٹر اینڈ ڈیتھلي ہالوز پارٹ 2‘ کا ہے۔

برطانیہ میں ذرائع ابلاغ نے ’سکائی فال‘ کو بانڈ سیریز کی ’بہترین فلم‘ اور ڈینیئل کریگ کو اب تک کا ’بہترین بانڈ‘ بھی کہا ہے۔

بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں ڈینیئل نے کہا، ’اس طرح کی باتیں سن کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ میں اور ڈائریکٹر سیم میڈس بہترین بانڈ فلم بنانا چاہتے تھے۔میں خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ ہمارے کوششوں کو کامیابی مل رہی ہے‘۔

ڈینیل نے کہا کہ اس فلم کا سکرپٹ بے حد مضبوط اور ہدایت کاری جاندار تھی جس کی وجہ سے تمام فنکاروں کے لیے کافی آسانی ہو گئی تھی۔

ڈینیل نے بتایا کہ انہوں نے ڈائریکٹر سیم کے ساتھ اس فلم کے لیے دو سال اکٹھےگزارے اور اس دوران دونوں کے درمیان کچھ اختلافات بھی ہوئے لیکن یہ اختلاف تخلیقی عمل کا حصہ ہوتے ہیں۔

ڈینیل نے فلم میں ’ولن‘ کا کردار ادا کرنے والے زیویئر بارڈم کی بہت تعریف کی۔ انہوں نے کہا، ’فلم میں وہ بےحد خطرناک اور ڈراؤنے لگے ہیں۔ وہ ایک پل کو نہیں بھولے کہ وہ بانڈ ولن بنے ہیں‘۔

اس سوال پر کہ کیا مستقبل میں بانڈ سیریز کی کسی فلم میں انہیں ولن کے طور پر بھی دیکھا جا سکے گا، ڈینیئل نے کہا،’بالکل ممکن ہے۔ دیکھیے مستقبل کا کیا پتہ۔ ہو سکتا ہے، ہم پلاٹ میں کچھ تبدیلی کریں اور مجھے لوگ ولن کے طور پر بھی ملاحظہ کریں‘۔

فلمی پردے پر جیمز بانڈ کا یہ پچاسواں سال ہے۔ بانڈ سیریز کی پہلی فلم ’ڈاکٹر نو‘ 1962 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں شان كونري نے جیمز بانڈ کا کردار ادا کیا تھا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔