سٹیو جابز پر ایرن سورکن کا انوکھا سکرپٹ

آخری وقت اشاعت:  اتوار 18 نومبر 2012 ,‭ 00:41 GMT 05:41 PST

آسکر ایوارڈ یافتہ مصنف ایرن سورکن نے ایپل کے بانی سٹیو جابز کی زندگی پر ایک فلم کے لیے ایک انہونا ’حقیقی وقت پر‘ مبنی سکرپٹ لکھنے کا منصوبے پیش کیا ہے۔

ایرن نے کہا کہ وہ اس مجوزہ فلم کے لیے صرف تین سین یا مناظر کا سکرپٹ لکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ان مناظر میں سے ہر ایک سٹیو جابز کے سٹیج کے پیچھے کے کاموں کی تصویر پیش کرے گا جس میں وہ اپنی تین مشہور مصنوعات کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے سٹیج پر نمودار ہونے سے پہلے سٹیج کے پیچھے دکھائے جائیں گے۔

اس طرح فلم میں سٹیو جابز کا کردار کرنے والے اداکار سٹیو کو اپنی تین شہرہ آفاق مصنوعات کے اجرا سے پہلے سٹیج کے پیچھے کے لمحات کی اداکاری کرتے دکھائی دیں گے۔

اس فلم میں تیس منٹ میں ہونے والی کارروائی حقیقی دنیا کے تیس منٹ کو ہی ظاہر کرے گی۔

سٹیو جابز کا انتقال پانچ اکتوبر دو ہزار گیارہ کو ہوا تھا۔

ان کی وفات کے دو دن بعد یہ سامنے آیا کہ ان کی اجازت سے چھپنے والی والٹر ایزاکسن کی مصنفہ واحد سوانح حیات کے جملہ حقوق سونی پکچر نے خرید لیے ہیں۔

اس خبر کو سامنے لانے والی ویب سائٹ ’ڈیڈ لائن‘ کے مطابق سونی نے یہ حقوق دس سے تیس لاکھ ڈالر میں خریدے۔

سٹیو جابز کی زندگی پر اس وقت ایک اور فلم اداکار ایشٹن کچر کے ساتھ بن رہی ہے جس میں معمول کے انداز میں ان کی زندگی کو دکھایا جائے گا۔

ایرن سورکن فیس بک کے بانی مارک زکربرگ پر ایک فلم ’دی سوشل نیٹ ورک‘ لکھ چکے ہیں جس کی بنا پر انہیں اس فلم کے لیے موزوں مصنف سمجھا جارہا ہے۔

یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایرن اس فلم کا سکرپٹ لکھنے کے لیے سٹیو جابز کی سوانح حیات کی بجائے اپنی تحقیق پر انحصار کریں گے۔

’ڈیلی بیسٹ‘ ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک ویڈیو میں ایرن نے کہا ’میں سٹیو کی زندگی میں شامل تمام افراد جن میں ایپل کے شریک بانی ووزنیاک سے لے کر میکنٹوش کے اجرا کے وقت کے تمام لوگ شامل ہیں ملا ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ میں ’ان تمام افراد سے ملا ہوں جو سٹیو کی عزت کرتے ہیں قطع نظر اس حقیقت کے کہ ان میں سی کئی کو انہوں نے اپنی زندگی میں کسی نہ کسی لمحے رلایا ہو گا مگر اس کے باوجود سٹیو نے انہیں پہلے سے بہتر انسان بنایا۔‘

سورکن کے مطابق ان کا منصوبہ ہے کہ وہ سٹیو کی جانب سے میکنٹوش کمپوٹر اور شاید بعد میں آنے والی مصنوعات جیسا کہ آئی پوڈ کے اجرا سے پہلے کے مناظر دکھائیں گے۔

ان کا یہ بھی ارادہ ہے کہ وہ ان مناظر کو دکھاتے ہوئے ایک ربط برقرار رکھیں گے اور ان میں انقطاع نہیں کریں گے اور ماضی کے خیالات کو ’فلیش بیک‘ میں پیش کرنے سے اجتناب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ فلم کے آخر میں ایک اضافی لمحہ شامل کرنا چاہیں گے جس میں ایپل کا منفرد سوچ والے ٹی وی اشتہار کا ایک رخ دکھانا چاہیں گے۔

سٹیو جابز پر بننے والی فلم میں ان کے مداح ایپل کے سب سے بڑے حریف بل گیٹس کو بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ’اگر میں فلم کو پس پردہ آواز میں اس جملے پر ختم کر سکوں ’’اور یہ ہے انوکھی شے‘‘ اگر میں فلم کا یہ اختتام کر سکوں تو پھر میں سمجھوں گا کہ میں نے وہ فلم لکھ لی ہے جو میں لکھنا چاہتا تھا۔‘

اس فلم کے علاوہ ایک اور فلم بھی سٹیو کی زندگی پر بن رہی ہے جس میں معمول کے مطابق ان کی زندگی دکھائی جا ئے گی جیسے فلموں میں عموماً دکھائی جاتی ہے۔ اس فلم میں ایشٹن کچر سٹیو کا کردار کر رہے ہیں۔

ایرن سورکن کے اس منفرد سکرپٹ کے خیال پر بہت سے لوگ متجسس اور پر جوش ہیں مگر اس کے ساتھ بعض کا خیال ہے کے اس طریقے سے وہ سٹیو اور ان کے مخالف بل گیٹس کے درمیان رہنے والے ایک ایک دلچسپ تعلق کو نہیں دیکھ پائیں گے۔

لیکن اگر ایرن سورکن سٹیو کی جانب سے انیس سو ستانوے میں میک کے اجرا کو دکھاتے ہیں تو شاید بل گیٹس بھی فلم میں شامل ہو سکیں گے۔

کیونکہ بل گیٹس نے اس اجرا کے دوران ویڈیو لنک کے زریعے شرکت کی تھی اور اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی مخالف کمپنی میں حصص خرید رہے ہیں۔

لیکن اہم بات یہ ہے کہ سورکن نے میک کے اجرا کی بات کی ہے جس کا مطلب انیس سو چوراسی میں ابتدائی میک کا اجرا ہی لگتا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔