امریکہ: گلوکارہ جینی ریورا حادثے میں ہلاک

آخری وقت اشاعت:  پير 10 دسمبر 2012 ,‭ 09:06 GMT 14:06 PST
جینی ریویرا

گلوکارہ جینی ریویرا کا تینتالیس سال کی عمر میں ایک طیارہ حادثے میں انتقال ہو گیا ہے

معروف میکسیکو نژاد امریکی گلوکارہ جینی ریویرا کا شمالی میکسیکو میں ہونے والے طیارے کے حادثے میں انتقال ہو گیا ہے۔

یہ بات جینی کے والد پیڈرو ریویرا نے میکسیکو کے ایک ٹی وی چینل پر بتائی۔ انھوں نے کہا کہ دو پائلٹوں سمیت جہاز میں سوار ساتوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

جب وہ ٹی وی پر یہ بتا رہے تھے تو ان کے گرد ان کے دونوں بیٹے موجود تھے۔

میکسیکو کے حکام نے کہا ہے کہ انھیں نیوولیئن ریاست میں گلوکارہ کے لیئر جیٹ کا تباہ شدہ ملبہ ملا ہے۔

جینی ریویرا انیس سو انہتر میں کیلی فورنیا میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے والدین میکسیکو کے باشندے ہیں۔

انھوں نے نارٹینو موسیقی کے ایک کروڑ پچاس لاکھ ریکارڈ فروخت کیے ہیں۔

وہ لا ووز یعنی ’آواز‘ نام کے موسیقی کے معروف پروگرام کی جج بھی تھیں۔

پڈرو ریویرا نے ٹیلی منڈو ٹی وی پر کہا: ’سب ختم ہو گئے۔‘

شہری ہوابازی کے سربراہ الیہاندرو آرگودین نے میکسیکو کے میڈیا سے کہا کہ طیارہ ’پوری طرح تباہ‘ہو چکا ہے، اور اس کا ملبہ ایک بڑے رقبے پر پھیل گیا ہے۔

تاہم انھوں نے کہا کہ اس بات کا علم نہیں ہو سکا کہ اس حادثے کا سبب کیا تھا۔

حکام نے بتایا کہ سنیچر کی شب جینی ریویرا نے میکسیکو کے شمالی شہر مونٹیری میں اپنا پروگرام پیش کیا تھا اور وہ وہاں سے میکسیکو سٹی سے باہر ٹولکا شہر جا رہی تھیں جب ان کا طیارہ غائب ہو گیا۔

ریاست نیوو لیؤن کی حکومت کے ایک ترجمان نے کہا طیارہ مونٹیری سے اتوار کی صبح روانہ ہوا تھا اور دس منٹ بعد ہوابازی کے اہل کار سے اس کا رابطہ ختم ہو گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسے ایک گھنٹے بعد ٹولکا پہنچنا تھا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔