ستار نواز روی شنکر کو خراج عقیدت

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 22 دسمبر 2012 ,‭ 12:59 GMT 17:59 PST
پنڈت روی شنکر

امریکہ میں پنڈت روی شنکر کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

بھارت کے معروف ستارنواز پنڈت روی شنکر کے مداحوں اور دنیا کی معروف ہستیوں نے امریکہ کے شہر کیلفورنیا میں ان کے گھر کے پاس ایک یادگار تقریب میں انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔

سابق بیٹل گلوکار جارج ہیریسن کی بیوہ نے اس موقعے سے روی شنکر کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ گلوکار پیٹر گیبریئل اور فلم ہدایتکار مارٹن سکورسیز کے خراجِ عقیدت کے پیغامات اس موقعے سے پڑھ کر سنائے گئے۔

واضح رہے کہ امریکہ کے ایک ہسپتال میں بانوے سال کی عمر میں دس روز قبل پنڈت روی شنکر کا انتقال ہو گیا تھا۔ اسی ماہ کے شروع میں ان کی سرجری ہوئی تھی جس سے وہ جانبر نہ ہوسکے۔

عالمی شہرت یافتہ موسیقی کے گروپ بیٹلز کے ساتھ آنے کے بعد انہیں عالمی سطح پر شہرت ملی۔ جارج ہیریسن نے روی شنکر کو ’عالمی موسیقی کا گاڈفادر‘ قرار دیا تھا۔

انھوں نے وائلن بجانے والے یہودی مینوئن اور جاز سیکسوفون کے ماہر جان کولٹرین کے ساتھ بھی اہم پروگراموں میں شرکت کی۔

جارج ہیریسن کی بیوہ اولیویا ہیریسن نے انھیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرے مرحوم خاوند نے روی شنکر سے بہت کچھ سیکھا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق انھوں نے کہا: ’وہ دونوں باپ بیٹے اور بھائیوں کی طرح تھے۔ دونوں ایک دوسرے کو ہنساتے، گویا ان میں کوئی راز کی بات ہو۔ اور مجھے یقین ہے کہ ان میں کچھ تھا۔‘

انھوں نے کہا کہ شنکر نے ’مغرب سے مشرق کی جانب سفر کیا جس کی وجہ سے جارج کو نئے تصورات ملے، متبادل فلسفے سے ان کی ملاقات ہوئی جس سے موسیقی کی حسیت بالکل ہی بدل گئی۔‘

پیٹر گیبریئل نے کہا کہ روی شنکر نے ’غیر مغربی موسیقی کی دنیا کو لاکھوں لوگوں کے لیے کھول دیا۔‘

مارٹن سکورسیز نے کہا کہ شنکر کی موسیقی ’قدیم اور جدید، بے چین اور سکون کا سنگم ہے۔ خوشی اور غم سے بھر پور ہے۔ وہ واقعی ایک استاد موسیقار تھے۔‘

پنڈت روی شنکر کی بیٹی اور ستار نواز انوشکا شنکر اور گریمی اعزاز یافتہ نورا جونس نے بھی اپنے والد کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پنڈت روی شنکر نے بھارتی موسیقی کو مغرب میں مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں تین گریمی ایوارڈ بھی ملے تھے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔