اے آر رحمٰن چھیالیس برس کے ہوگئے

آخری وقت اشاعت:  پير 7 جنوری 2013 ,‭ 10:02 GMT 15:02 PST
اے آر رحمٰن

اے آر رحمٰن کو دو آسکر، ایک بافٹا اور ایک گولڈن گلوب اعزاز سے نوازا جا چکا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ بھارتی موسیقی کار اے آر رحمٰن اتوار کو چھیالیس برس کے ہوگئے ہیں۔ اے آر رحمٰن کے قریبی دوستوں کا کہنا ہے کہ وہ موسیقی کے علاوہ کچھ نہیں سوچتے ہیں۔

اے آر رحمٰن کو موسیقی کے شعبے میں دو آسکر، ایک بافٹا اور ایک گولڈن گلوب اعزاز سے نوازا جا چکا ہے۔

اے آر رحمٰن کو ’سلم ڈاگ ملینئر‘ فلم کی موسیقی دینے پر آسکر ایوارڈ دیا گیا تھا۔

عالمی شہرت یافتہ جریدے ’ٹائم‘ میگزین نے انہیں ’موزارٹ آف مدراس‘ کا خطاب دیا ہے۔ اے آر رحمٰن کے قریبی دوستوں کا کہنا ہے کہ رحمٰن ہر وقت صرف اور صرف موسیقی کے بارے میں سوچتے ہیں۔

اے آر رحمٰن کے قریبی دوست اور مشہور ڈرمر آنند شومانی کہتے ہیں ’جب اے آر رحمٰن سٹوڈیو آتے ہیں اور ’کی بورڈ‘ کو ہاتھ لگاتے ہیں تو فضا میں جادو سا چھا جاتا ہے۔ سٹوڈیو میں موجود سبھی سازوں پر ان کا ایسا جادو چھاتا ہے کہ ان سے جلد ہی ایک جادوئی دھن نکلتی ہیں‘۔

آخر اے آر رحمٰن کی موسیقی میں ایسا کون سا جادو ہے جو وہ اتنی کم عمر میں اتنے بڑے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔

اس بارے میں شومانی کہتے ہیں ’رحمٰن گھنٹوں کام کرتے ہیں۔ ان کی ماں ان سے کھانے کے لیے کہتی رہتی ہیں لیکن ان پر تو موسیقی کا نشہ سا چھایا رہتا ہے‘۔

"جب اے آر رحمٰن سٹوڈیو آتے ہیں اور کی بورڈ کو ہاتھ لگاتے ہیں تو فضا میں جادو سا چھا جاتا ہے۔ سٹوڈیو میں موجود سبھی سازوں پر ان کا ایسا جادو چھاتا ہے کہ ان سے جلد ہی ایک جادوئی دھن نکلتی ہیں۔"

اے آر رحمان کے قریبی دوست اور ڈرمر آنند شومانی

شیومانی کہتے ہیں ’رحمٰن ایک وقت میں کئی کام کرلیتے ہیں اور نئی دھن بناتے وقت وہ سرحدوں سے اوپر اٹھ کر سوچتے ہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ وہ اتنے کامیاب ہوئے ہیں‘۔

سکول میں رحمٰن کے دوست اور ان کے مقبول ترین ’وندے ماترم‘ البم کے ہدایت کار بھارت بالا رحمٰن کے بارے میں بتاتے ہیں ’سکول کے دنوں سے ہی اے آر رحمٰن موسیقی میں گہری دلچسپی رکھتے تھے۔ سکول میں کوئی بھی پروگرام رحمٰن کی موسیقی کے بغیر مکمل نہیں ہوتا تھا۔ سکول میں وہ ’کی بورڈ‘ پر فلمی نغمے بجاتے تھے۔‘

بھارت بالا مزید بتاتے ہیں رحمٰن کو اپنے ’کی بورڈ‘ سے اس قدر محبت تھی کہ وہ اپنے پرانے لیمبراٹا سکوٹر پر اپنا ’کی بورڈ‘ لے کر گھوما کرتے تھے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں وہ سرکاری ٹی وی ’دور درشن‘ کے لیے جنگلز بناتے تھے۔

اے آر رحمٰن نے بعد میں نہ صرف ہندی اور بین الاقوامی فلموں میں موسیقی دی بلکہ غیر فلمی موسیقی میں بھی زبردست شہرت کمائی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔