’دوسروں کی غلطیاں گنانا آسان ہے‘

آخری وقت اشاعت:  بدھ 9 جنوری 2013 ,‭ 13:21 GMT 18:21 PST
امیتابھ بچن

امیتابھ بچن کا کہنا ہے جب تک سماج میں اصلاح نہیں ہوگا تب تک حالات بہتر نہیں ہوسکتے ہیں

سولہ دسمبر کو دلی میں ایک خاتون کے ساتھ ہوئی جنسی زیادتی کے معاملے کے بارے میں سپرسٹار امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے اندر جھاکنے اور اپنے سماج کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

سولہ دسمبر کو پیش آنے والے اس واقعہ کے بارے میں دلی پولیس پر لاپرواہی کا الزام لگا ہے۔ پولیس پر الزام ہے کہ اس نے موقع واردات پر جانے میں دیر کی۔

جب بالی وڈ کے سپر سٹار امیتابھ بچن سے اس بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا ’جہاں تک میں نے سنا ہے پولیس کا دعویٰ ہے کہ وہ اس واقعے کی اطلاع ملنے کے چار منٹ کےاندر اندر جائے وقوع پر پہنچ گئی تھی۔ لیکن یہ بات بھی جس خاتون کے ساتھ یہ خوفناک واقعہ پیش آیا وہ بہت دیر سڑک پر پڑی رہیں لیکن کسی نے ان کی مدد نہیں کی۔‘

امیتابھ بچن کا مزید کہنا تھا ’ہمیں اپنا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ ہم لوگوں سے ہی سماج بنتا ہے۔ ہم اپنا رویہ بہتر نہیں کریں گے تو سماج میں اصلاح نہیں ہوگا۔ کیونکہ بڑا آسان ہوتا ہے دوسرے کی غلطیوں کو گناوا دینا۔‘

امیتابھ بچن نے یہ بات ممبئی میں ارشد وارسی اور بومین ایرانی کی نئی فلم ’جولی ایل ایل بی‘ کی تشہیر کے ایک پروگرام کے موقع پر میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئی کہی۔

اس دوران ان سے جب یہ پوچھا گیا کہ کبھی ان کے ساتھ ایسا ہوا ہے کہ انہیں انصاف ملنے میں تاخیر ہوئی ہے تو انہوں نے بدنام زمانہ بوفورس معاملے کو یاد کرتے ہوئے کہا ’ہمارے ساتھ بھی ایسا ہوچکا ہے لیکن میرے پاس سچائی کا ہتھیار تھا۔ ہم نے لندن کے رائل کورٹ میں مقدمہ لڑا اور فیصلہ ہمارے حق میں ہوا۔‘

امیتابھ بچن کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں کبھی ان کے ساتھ ایسا ہوا تو پوری سچائی اور ایمانداری کے ساتھ حالات کا سامنا کریں گے۔

واضح رہے کہ پیر کو ہی امیتابھ بچن کو سپریم کورٹ کی جانب سے ٹیکس نہ دینے سے متعلق ایک نوٹس ملا ہے۔ ماضی میں انہیں اس طرح کی نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں۔

اس بارے میں مسکراتے ہوئے انہوں نے کہا ’بھائی صاحب، زندگی میں صرف دو باتیں یقینی ہیں موت اور انکم ٹیکس۔ اس معاملے میں جو بھی فیصلہ ہوگا ہم اس کو قبول کریں گے۔‘

گزشتہ کچھ مہینوں سے امیتابھ بچن کسی بھی فلم میں کام نہیں کررہے ہیں۔ ان دنوں وہ مشہور ٹی وی شو کون بنےگا کروڑپتی کی میزبانی میں مصروف ہیں۔ امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ وہ پوری طرح صحت مند نہیں ہیں اس لیے فی الوقت فلموں سے دوری کیے ہوئے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔