مجھے اپنے برے دن یاد ہیں: منوج واجپئی

آخری وقت اشاعت:  منگل 22 جنوری 2013 ,‭ 13:17 GMT 18:17 PST
منوج واجپئی

منوج واجپئی ایک بہترین ادکار ہیں جو کم ہی فلموں میں ادکاری کرتے ہیں

گینگ آف واسع پور میں ایک بار پھر اپنی اداکاری کے لیے بے حد تعریف بٹورنے والے اداکار منوج واجپئی آج کل ہدایت کاروں کی پہلی پسند ہے لیکن ان کا کہنا ہے وہ اپنے برے دن نہیں بھولے ہیں۔

اپنے پرانے دنوں کو یاد کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں ’جب میں کسی پارٹی میں جاتا تھا تو نیوز چینلز کے کیمرے غلطی سے میری طرف سے آبھی جاتے تو وہ اسے جھٹکے سے ہٹا لیتے تھے۔‘

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے منوج واجپئی نے کہا ’فلم راجنیتی سے پہلے میرے حالات اچھے نہیں تھے۔ میں سب کا رویہ دیکھتا تھا لیکن مجھے برا نہیں لگتا تھا۔ میں ہمیشہ سوچتا تھا کہ میرا بھی وقت آئے گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ جب اچھا وقت آتا ہے تو وہی لوگ جو آپ سے منہ موڑتے تھے پھر سے واپس آپ کے پاس آجاتے ہیں۔

’اس کا ہمیں ملال نہیں ہونا چاہیے۔ اگر میڈیا یہ سلوک امیتابھ بچن جیسے سپر سٹار کے ساتھ کرسکتی ہے تو کسی بھی ساتھ ایسا ہوسکتا ہے۔‘

منوج واجپئی اپنے آنے والی فلم ’سپیشل چھبیس‘ میں ایک سی بی آئی اہلکار کا کردار ادا کررہے ہیں۔

منوج واجپئی کا شمار آج بالی وڈ کے سب سے بہترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔ منوج بتاتے ہیں ’آج سب میری فلموں کی بات کررہے ہیں۔ یہ سب زیادہ دن نہیں چلے گا۔ کچھ وقت بعد پھر سے فضا بدلے گی۔ یہ زندگی حقیقت ہے اور اس حقیقت سے میں بہت اچھی طرح سے واقف ہوں۔‘

اپنے خاندان کے بارے میں بات کرتے ہوئے منوج واجپئی کہتے ہیں ’مجھے خوشی اس بات کی ہوتی ہے کہ تین سال کی بیٹی کی پرورش ایک ایسے وقت میں ہورہی ہے جب میرا وقت اچھا ہے۔ بس میری تو یہی دعا ہے کہ میں بہتر کام کرتا رہوں تاکہ وہ بھی وہ بھی اچھا دور دیکھتی رہے۔ میں اب زيادہ کودتا نہیں ہوں، زیادہ باتیں نہیں کرتا ہوں بس اپنا کام کرتا ہوں۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ اداکارہ قطرینہ کیف اور تبو نے ان کے پیر چھوئے تو انہیں کیسا لگا، اس پر ان کا کہنا تھا ’قطرینہ اور تبو نے ایسی حرکت کی تھی جس سے میں بہت شرمندہ ہوگیا تھا۔ کیونکہ میں اتنا بو‍ڑھا نہیں ہوا ہوں کہ وہ میرے پیر چھوئیں لیکن ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے میرے کام کے لیے ایسا کیا تھا یعنی انہوں نے میرے لیے عزت اظہار کیا تھا۔‘

منوج واجپئی کا تعلق بہار سے ہے اور بالی وڈ کی فلموں میں سرکردہ طور پر ادکاری کرنے سے پہلے وہ سٹیج پر ادکاری کرتے تھے۔

ان کی نئی فلم ’سپیشل چھبیس‘ آٹھ فروری کو ریلیز ہونے والی ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔