مسلمانوں کے اعتراض پر تمل فلم پر پابندی

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 24 جنوری 2013 ,‭ 08:01 GMT 13:01 PST

فلم وشوروپم میں کمل ہاسن نے اہم رول ادا کیا ہے

بھارت میں تمل فلم انڈسٹری کے سپر سٹار کمل ہاسن کی نئی فلم ’وشو روپم‘ پر ریاستی حکومت نے پابندی عائد کر دی ہے۔

کمل ہاسن نے اس پابندی کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ریاست کی بعض مسلم تنظیموں اور مسلم رہنماؤں نے ان کی نئی فلم کو فرقہ پرستی پر مبنی قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔

مسلم تنظیموں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی فلم سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوں گے۔

تنظیموں نے فلم کے خلاف احتجاج کرنے کا بھی اعلان کیا تھا جس کے بعد تمل ناڈو کی حکومت نے فلم پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا۔

بھارتی خبر رساں اداروں کے مطابق کمل ہاسن نے حکومت کے اس فیصلے کے بعد کہا ’اب میں عدالت اور دلیل کا سہارا لوں گا۔ اس طرح کی ثقافتی دہشتگردی کو روکنا ہوگا۔‘

کمل ہاسن کے مطابق ’ان(فرقہ پرستی کے) الزامات سے میں بہت افسردہ ہوں۔ بعض چھوٹے گروپ اپنے سیاسی مفاد کے لیے مجھے استعمال کر رہے ہیں۔ اس فلم کو بنایا اس لیے گیا ہے کہ کوئی بھی مسلمان اس کو دیکھ کر فخر محسوس کرے۔‘

"ان الزامات سے میں بہت افسردہ ہوں۔ بعض چھوٹے گروپ اپنے سیاسی مفاد کے لیے مجھے استعمال کر رہے ہیں۔ اس فلم کو بنایا اس لیے گیا ہے کہ کوئی بھی مسلمان اس کو دیکھ کر فخر محسوس کرے۔"

کمل ہاسن

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل مسلم اداروں کے لیے وشو روپم کی خاص سکریننگ کی گئی تھی جسے دیکھنے کے بعد کہا گیا تھا کہ یہ فلم فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑ سکتی ہے۔

یہ فلم جمعہ پچيس جنوری کو ریلیز ہونی ہے اور اطلاعات کے مطابق ریاست تمل ناڈو کے علاوہ دیگر جگہوں پر شاید فلم اپنے وقت پر ریلیز ہو۔

واضح رہے کہ کمل اپنی فلم کو پہلے ڈي ٹي ایچ یعنی ڈائریکٹ ٹو ہوم سسٹم پر ریلیز کرنا چاہتے تھے لیکن تمل ناڑو تھیٹر مالکان کے احتجاج کے بعد یہ طے پایا کہ تھیٹر میں ریلیز کے ایک ہفتے بعد فلم ڈي ٹي ایچ پر ریلیز کی جائے گی۔

اطلاعات کے مطابق ہندی زبان میں فلم یکم فروری کو ریلیز ہوگی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔