پاکستانی سفارتکاروں کو اجازت نہیں ملی

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 25 جنوری 2013 ,‭ 12:11 GMT 17:11 PST

جے پور کے ادبی فیسٹیول میں ادیبوں کا جمگھٹ رہتا ہے

بھارتی دارالحکومت دلی کے پاکستانی ہائی کمیشن میں تعینات دو پاکستانی سفارتکار جے پور کے ادبی میلے میں شریک ہونا چاہتے تھے لیکن بھارتی حکومت نے انہیں اجازت نہیں دی۔

لگتا ہے کہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان پیدا ہوئی تلخی میں ابھی کوئی کمی نہیں آئی ہے جس کی یہ ایک اور واضح مثال ہے۔

اس سے قبل بھارت میں موجود پاکستانی کھلاڑیوں اور فنکاروں کو واپس بھیج دیا گيا تھا اور ان کے تمام پروگرام منسوخ کر دیےگئے تھے۔

دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سفارتخانے کے دو افسر جے پور کے ادبی میلے میں شریک ہونا چاہتے تھے لیکن انہیں اس کی اجازت نہیں دی گئی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ سفر کرنے سے پہلے وزارت خارجہ سے اس کی اجازت لینی ہوتی ہے۔ ’اس کے لیے کئی روز پہلے درخواست دی گئی تھی لیکن جب ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا تو ہمارے سیاسی امور کے سکریٹری نے ان سے بات بھی کی لیکن تب بھی کوئی جواب نہیں دیا گيا۔‘

کمیشن کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ چونکہ ادبی میلے میں پاکستان کے کئی ادیب آئے ہیں ’اس لیے دو سفارتکار بھی اس میں شرکت کے متمنی تھے لیکن بھارت کی جانب سے سرد مہری کے سبب وہ جے پور نا جا سکے‘۔

جمعرات کو ادبی میلے کے افتتاحی دن کو ہی پاکستانی ادیبوں کو خطاب کی دعوت دی گئي تھی۔ خطاب کرنے والوں میں جمیل احمد، امینہ سیّد اور مشرف علی فاروقی شامل تھے۔

آغاز میں پاکستانی مصنف محمد حنیف کو بھی سیشن سے خطاب کرنا تھا لیکن وہ حاضر نہیں ہوئے اور اس کی وجوہات واضح نہیں ہیں۔

اطلاعات کے مطابق پاکستانی مصنفین کو بھی بھارت نے آخری وقت میں ویزا جاری کیا تھا اور آنے سے محض ایک روز پہلے انہیں سفری دستاویز سونپی گئی تھیں۔

بھارتی ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے سالانہ ادبی میلے میں پاکستانی مصنفین کی موجودگی کے سبب سخت سکیورٹی کا انتظام کیا گیا ہے۔

بھارتی جنتا پارٹی اور اس کی اتحادی سخت گیر ہندو جماعتیں اس ادبی میلے میں پاکستانی ادیبوں کی شرکت کے خلاف ہیں اور انہوں نے میلے میں پاکستانی مصنفین کی شرکت پر احتجاج بھی کیا تھا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔