حلف برداری پر لائیو نہیں گایا: بیونسے

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 1 فروری 2013 ,‭ 23:37 GMT 04:37 PST

بیونسے کی اس پرفارمنس کو کروڑوں افراد نے دیکھا تھا

گلوکارہ بیونسے نولز نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر براک اوباما کی حلف برداری کی تقریب میں لائیو گلوکاری نہیں کی تھی۔

بیونسے نے کہا کہ کہ وہ ساؤنڈ چیک اور موسم کے باعث لائیو گانے پر مطمئن نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے پاس اتنا وقت نہیں تھا کہ وہ بینڈ کے ساتھ پہلے ریہرسل کرتیں۔

بیونسے کی گلوکاری کی سب نے بڑی تعریف کی تھی لیکن یو ایس میرین بینڈ نے کہا کہ بیونسے نے لائیو نہیں گایا۔

امریکہ میں اس بحث کا آغاز ہو گیا کہ آیا یہ گلوکاروں کے لیے صحیح ہے کہ وہ اس قدر خاص تقریب میں لائیو نہ گائیں۔

یاد رہے کہ اخبار دی ٹائمز کے مطابق میرین کور بینڈ کی ایک ترجمان ماسٹر سارجنٹ کرسٹین ڈوبیوس کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ آخری وقت پر کیا گیا تھا اور بیونسے نے ایک پہلے سے ریکارڈ شدہ پر فن کے مظاہرے کا فیصلہ کیا تھا۔

تاہم میرین کور نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ’میرین بینڈ میں کوئی بھی یہ نہیں بتانے کی پوزیشن میں نہیں کہ آیا بیونسے نے لائیوگایا یا یہ پہلے سے ریکارڈ شدہ ترانہ تھا۔‘

تاہم میرین کور نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ خود بینڈ کی پرفارمنس ’لائیو‘ نہیں تھی۔

براک اوباما کی حلف برداری کی تقریب دیکھنے کے لیے جہاں لاکھوں افراد واشنگٹن میں جمع ہوئے تھے وہیں کروڑوں افراد نے اسے ٹی وی پر دیکھا تھا۔

اس تقریب کے دوران بیونسے کے علاوہ جیمز ٹیلر اور کیلی کلارکسن نے بھی فن کا مظاہرہ کیا تھا۔

میرین کور کے بینڈ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’بیونسے نولز کے پاس میرین بینڈ کے ساتھ ریہرسل کا کوئی موقع نہیں تھا اس لیے یہ بہتر سمجھا گیا کہ ایسی اہم تقریب میں بینڈ کی جانب سے لائیو پرفارمنس ایک اچھا مشورہ نہیں۔‘

بیان کے مطابق ’جہاں تک بات بیونسے نولز کی گلوکاری کی ہے تو میرین بینڈ میں سے کوئی بھی اس کا تجزیہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں کہ آیا یہ لائیو یا پہلے سے ریکارڈ شدہ پرفارمنس تھی۔‘

اگر یہ ثابت ہوتا ہے کہ بیونسے کی پرفارمنس لائیو نہیں تھی تو یہ امریکی صدر کی حلف برداری کی تقریب میں ریکارڈ شدہ پرفارمنس کا پہلا موقع نہیں ہوگا۔

دو ہزار آٹھ میں چیلو نامی ساز پر فن کا مظاہرہ کرنے والے یو یو ما نے بھی ایسا ہی کیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ سخت سردی اور ہوا کی وجہ سے لائیو پرفارمنس متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔