فی الحال شادی نہیں کررہی ہوں: زینت امان

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 7 فروری 2013 ,‭ 12:03 GMT 17:03 PST
زینت امان

زینت امان اپنے زمانے کی ایک بے حد پرکشش اداکارہ مانی جاتی تھیں

ستر کی دہائی کی مقبول ترین بالی وڈ اداکارہ زینت امان کا کہنا ہے کہ ان کی دوبارہ شادی کی خبریں بے بنیاد ہیں اور وہ فی الحال شادی نہیں کررہی ہیں۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے زینت امان نے بتایا ’اس خبر کو سن کر مھجھے بھی پریشانی ہوئی ہے۔ میری بات کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے۔ میں نے عمومی پیرائے میں شادی کی بات کی تھی‘۔

زینت امان کا کہنا ہے کہ وہ فی الحال شادی نہیں کررہی ہیں اور اس شخص سے تو بالکل بھی نہیں جن کا نام میڈیا ان سے جوڑ رہا ہے۔

غور طلب بات یہ ہے کہ ایک بھارتی اخبار نے زینت امان کے حوالے سے کہا تھا کہ وہ دوبارہ شادی کرنے جارہی ہیں، اور انہیں وہ شخص مل گیا جس کی انہیں تلاش تھی۔

میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق زینت امان بھارتی ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے ایک سرکردہ ممبر اور صنعت کار سرفراز احمد سے شادی کرنے جارہی ہیں۔

زینت امان کا کہنا ہے کہ یہ خبر بالکل غلط ہے۔

اس بارے میں بات کرتے ہوئے زینت امان نے کہا ’یہ وہ شخص بالکل نہیں ہیں۔ ہاں یہ صحیح ہے کہ میں نے ان کے منعقد کیے گئے بعض پروگراموں میں شرکت کی ہے لیکن میڈیا نے اس کا مطلب نکال لیا کہ میں ان سے شادی کرنے والی ہوں۔ یہ بلا وجہ کا ہنگامہ ہے‘۔

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پھر وہ شخص کون ہے جن سے زينت امان شادی کرنے جارہی ہیں۔ اس بارے میں زینت امان کا کہنا تھا ’وہ جو بھی ہیں ان کے بارے میں میں کیوں بتاؤں۔ یہ میرا ذاتی معاملہ ہے۔ جب بھی شادی کروں گی، جس سے بھی شادی کروں گی اس کے بارے میں سب کو معلوم ہوجائے گا۔ لیکن شادی کروں تو صحیح۔۔ فی الحال میرے دو بچے میری سب سے بڑی ذمہ داری ہیں‘۔

زینت امان ستر کی دہائی کی بالی وڈ کے ایک مقبول ترین اداکارہ ہیں۔ انہوں نے ’قربانی‘، ’یادو کی بارات‘، ’ہرے کرشنا ہرے راما‘ اور ’دم مارو دم‘ جیسی فلموں میں ادکاری کی ہے۔

زینت امان کی شادی اداکار مظہر خان سے ہوئی تھی لیکن بعد میں دونوں کی طلاق ہوگئی تھی۔ زینت امان اور مظہر خان کے دو بیٹے ہیں اظہر خان اور آذان خان جن کے ساتھ زینت امان آج کل ممبئی میں رہتی ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔