’بولڈ سین کا بھی اپنا وقار ہے‘

آخری وقت اشاعت:  منگل 19 فروری 2013 ,‭ 08:43 GMT 13:43 PST
ماہی گل

ماہی گل فلم صاحب بی بی اور گینگسٹر میں عرفان خان کے ساتھ اہم کردار ادا کر رہی ہیں

فلم ’دیو ڈی‘ کا کردار پارو ہو یا پھر ’صاحب بیوی اور گینگسٹر‘ کی مادھوي، اداکارہ ماہی گل نے کہا ہے کہ ان کے بولڈ کردار کا بھی ایک وقار ہے۔

واضح رہے کہ انھوں نے بالی وڈ کے اپنے چھوٹے سے کریئر میں کافی مضبوط کرداروں کو نبھایا ہے۔

انھوں نے ایسی خواتین کے کردار ادا کیے ہیں جو اپنے آپ میں مکمل نہیں ہے، جو تھوڑی باغی ہے اور عورت ہوتے ہوئے بھی اپنی جنسی خواہشات کو چھپاتي نہیں ہے۔

بی بی سی ہندی کے لیے لکھنے والی ریکھا خان کے مطابق ماہی نے کہا ہےکہ ’مجھے خوشی ہے کہ ایسے ہدایتکاروں کے ساتھ میں نے کام کیا جو خواتین کے کردار کو مضبوطی کے ساتھ پیش کرتے ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’ایک لڑکی کو پورا حق ہے کہ وہ شروعات کرے، اصل زندگی میں تو ایسا ہوتا ہی ہے تو پھر فلموں میں کیوں انہیں بے چارگی کی مورت کے طور پر پیش کیا جاتا ہے؟‘

’صاحب بیوی اور گینگسٹر رٹرنز‘ میں بھی اہم کردار ادا کر نے والی ماہی کہتی ہیں: ’میری فلموں کی سکرپٹ کافی اچھی ہوتی ہے اور اگر کہانی میں دو لوگوں کے قرب کا دکھانا ضروری ہے تو اسے دکھانا چاہیے تاکہ لوگ اسے سمجھ پائیں۔ اب دو پھولوں کا ملنا کسی کو ہضم نہیں ہوتا۔‘

ماہی کا کہنا ہے ’لوگوں کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ میں بہت عقلمند اداکارہ ہوں، وہیں بعض ایسا بھی سوچتے ہیں کہ میں بولڈ رول ہی کر سکتی ہوں۔ جبکہ یہ بات بھی ملحوظ نظر رہے کہ میرے بولڈ کردار کا اپنے آپ میں ایک وقار ہے۔‘

ماہی گل

ماہی گل بولڈ سین کرنے کے لیے معروف ہیں

’صاحب بیوی اور گینگسٹر رٹرنز‘ کے اہم اداکار عرفان خان نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ اس فلم میں جو ماہی کا رول ہے ویسا پہلے کسی فلم میں کسی عورت کے لیے لکھا ہی نہیں گیا ہے۔

عرفان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے ماہی کہتی ہیں: ’اس فلم میں مجھے مختلف قسم کے ڈھیر سارے جذبات ظاہر کرنے والے کردار ملے ہیں اور یہ کردار دلچسپ ہے۔ میں خود کو کافی خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ مجھے ایسا رول ملا۔‘

وہیں فلم کے ہدایتکار تگمانشو دھوليا کے ساتھ مبینہ طور پر محبت کے رشتے کی بات پر ماہی نے کہا کہ ’کوئی ہدایتکار اگر آپ کو بار بار اپنی فلم میں لے تو اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ ان کے اور ہیروئن کے درمیان کچھ چل رہا ہے۔ یہ بہت شرمناک ہے۔‘

تگمانشو کی فلم ’پان سنگھ تو مر‘ میں بھی ماہی کام کر چکی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ’دھوليا ایسے ہدایت کار ہیں جن کے ساتھ کام کرنے کے لیے دماغ گھر پر چھوڑ کر جانا پڑتا ہے۔ میں نے صاحب بی بی میں ایک تجربہ کرنے کی کوشش کی اور ایک بار اپنے کردار کو ذرا حقیقی بنانے کے لیے ووڈكا بھی پی کیونکہ اس فلم میں میں دن رات شراب پیتی ہوں۔‘

’صاحب بیوی اور گینگسٹر رٹرنز‘ آٹھ مارچ کو ریلیز ہوگی۔ فلم میں ماہی اور عرفان کے علاوہ جمی شیرگل بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔