معروف فوٹو گرافر ایف ای چودھری انتقال کر گئے

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 16 مارچ 2013 ,‭ 21:48 GMT 02:48 PST

ایف ای چودھری کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پاکستان کے پہلے کل وقتی پریس فوٹوگرافر تھے

پاکستان میں اخباری صنعت میں عکس بندی کے بانی کا درجہ رکھنے والے ایف ای چودھری ایک سو چار برس کی عمر میں انتقال گرگئے۔

ایف ای چودھری چاچا چودھری کے نام سے جانتے تھے اور ان کے پوتی مشل چودھری کے مطابق ان کے دادا کا انتقال جمعہ کی صبح نو بجے کے قریب ہوا۔

ایف ای چودھری پندرہ مارچ انیس سو نو میں متحدہ ہندوستان میں پیدا ہوئے اور جس دن ان کا انتقال ہوا اس دن بھی پندرہ مارچ کی تاریخ تھی اور ان کے دوست ان کی سالگرہ منانے کی تیاری کر رہے تھے۔

ان کی آخری رسومات اتوار کو لاہور میں ادا کی جائیں گی۔

چاچا چودھری یا ایف ای چودھری کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پاکستان کے پہلے کل وقتی پریس فوٹوگرافر تھے۔

ایف ای چودھری معروف ماہر تعلیم اور پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ گروپ کیپٹن سیسل چودھری کے والد تھے جنہوں نے پینسٹھ کی پاک بھارت جنگ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بھارتی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

ایف ای چودھری معروف ماہر تعلیم اور پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ گروپ کیپٹن سیسل چودھری کے والد تھے

ایف ای چودھری ایک کرسچن گھرانے میں پیدا ہوئے اور پاکستان بنے کے بعد ایف ای چودھری اپنے گھر والوں کے ساتھ جہلم منتقل ہوگئے اور وہاں سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد لاہور کے ایف سی کالج سے گرایجویشن کی۔

قیام پاکستان سے پہلے ایف ای چودھری کی تصاویر اس وقت کے اخبارات میں شائع ہوئیں اور پاکستان بننے کے بعد انہوں نے انگریزی روزنانہ پاکستان ٹائمز میں ملازمت اختیار کر لی اور اپنی ریٹائرمنٹ یعنی انیس سو تہتر تک وہ اسی اخبار سے منسلک رہے۔

ایف ای چودھری نے ٹریڈ یونین کی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور صحافتی تنظیموں کے عہدیدار بھی رہے۔

سینیئر فوٹو گرافر اظہر جعفری کا کہنا ہے کہ ایف ای چودھری ایک خوش اخلاق اور دلچسپ شخصیت کے مالک تھے اور نئے آنے والے فوٹو گرافروں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتے تھے۔

ایف ای چودھری کو ان کی خدمات کے اعتراف میں تمنۂ حسن کارکردگی اور دیگر سول اعزازت سے بھی نواز گیا۔

ایف ای چودھری کے سوگواروں میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔