’ہمیں خود کو فروخت کرنے کا شوق نہیں ہے‘

سنی دیول، دھرمیندر، بابی دیول
Image caption سنی دیول اپنے والد اور بھائی کے ساتھ اس سے پہلے ' یملا پگلا دیوانہ' میں کام کرچکے ہیں

بالی وڈ اداکار سنی دیول کی نئی فلم ’یملا پگلا دیوانہ ٹو‘ جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے۔

فلم کی ریلیز سے پہلے سنی دیول نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی اداکاری کی تعریف کی جائے۔

اس فلم میں سنی دیول کے علاوہ ان کے والد اور بالی وڈ کے معروف اداکار دھرمیندر، اور سنی دیول کے بھائی بوبی دیول اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

فلم کی ایک اشتہاری تقریب میں جب صحافیوں نے سنی دیول سے پوچھا کہ آج کل کے سٹارز سرخیوں میں رہنے کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہوجاتے ہیں تو ایسے میں ان کا خاندان ذرائع ابلاغ سے اتنی دوری کیوں بنا کر رکھتا ہے؟

اس کے جواب میں سنی دیول کا کہنا ہے ’لوگ کیا کرتے ہیں یا کیا نہیں،وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔ ہمارے خاندان کی ایک عزت ہے اور ہمیں خود کو فروخت کرنے کا کوئی شوق نہیں ہے‘۔

سنی دیول جلد ہی ’آئی لو نیو ائير‘میں نظر آئیں گے۔

سنی یہ بھی کہتے ہیں کہ وہ چاہتے ہیں کہ اگر ان کی کوئی شناخت ہو تو ان کے کام کی وجہ سے ہو۔

سنی دیول نے بطور اداکار اپنا فلمی کرئیر کا آغاز ’بیتاب‘ فلم سے کیا تھا۔

انہوں نے ’زخمی‘، ’خطرناک‘، ‘ضدی‘،’بارڈر‘ اور’غدر‘جیسی کئی یادگار فلموں میں کام کیا ہے۔

اپنے فلمی سفر کے بار میں سنی دیول کہتے ہیں کہ’میرا اب تک کا سفر شاندار رہا ہے۔ اب تک کی اپنی زندگی میں میں نے بہت کچھ دیکھا ہے اور جو بھی دیکھا ہے برا یا بھلا میں اسے تبدیل کرنا نہیں چاہوں گا کہ میں نے ان سب باتوں سے بہت کچھ سیکھا بھی ہے‘۔

سنی دیول کا مزید کہنا تھاکہ’میں ایکشن فلمیں کرنا چاہتا ہوں اور جہاں تک بات ہے اور اپنی نئی فلم ’زخمی رٹرنس‘ یہ ایک ایکشن فلم ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ ایک شاندار تجربہ ہوگا‘۔

’زخمی رٹرنس‘ کی شوٹنگ ابھی شروع نہیں ہوئی ہے اور یہ فلم آئندہ سال ہی ریلیز ہوگی۔

اسی بارے میں