بالی وڈ راؤنڈ اپ

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

ملیے سلمیٰ آغا کی بیٹی سے

سشا آغا
Image caption سشا آغا سلمی آغا کی بیٹی ہیں

بالی وڈ کے ستاروں کے بچوں کا فلموں میں آنا معمول کی بات بن گئی ہے اور اسی سلسلے کی نئی کڑی ہیں سلمیٰ آغا کی بیٹی، سشا آغا۔ اُن کی عمر 19 سال ہے اور بہت جلد وہ سنیما سکرین پر نظر آئیں گی۔

پاکستانی اداکارہ سلمیٰ آغا نے سنہ 80 کی دہائی میں بھارتی فلم ’نکاح‘ میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ یہ فلم کافی مقبول ہوئی تھی اور اس کا ہٹ گیت ’دل کے ارماں آنسوؤں میں بہہ گئے‘ انھوں نے اپنی آواز میں گایا تھا۔

سشا آغا یش راج پروڈکشن کی فلم ’اورنگزیب‘ کے ساتھ بالی وڈ میں قدم رکھ رہی ہیں۔ اس میں کئی معروف اداکار جیسے جیکی شراف، رشی کپور اور امرتا سنگھ بھی نظر آئیں گی۔

فلم کے ٹریلر میں سشا کافی بولڈ سین میں نظر آ رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بکنی میں ان کے سین سے ان کی اماں خوش نہیں ہونگی۔

بار ڈانسر سے عاشقی تک کا سفر

Image caption شگفتہ نے کئی فلموں کے سیکوئل کی کہانی لکھی ہے

حال ہی میں ریلیز ہونے والی مہیش بھٹ کیمپ کی فلم ’عاشقی-‘2 باکس آفس پر کامیابی حاصل کر رہی ہے۔ اس کی کہانی شگفتہ رفیق نے لکھی ہے جن کا کہنا ہے کہ اس کی کہانی ان کی اصل زندگی پر مبنی ہے۔

شگفتہ اس کے پہلے کئی فلموں کی کہانیاں لکھ چکی ہیں جیسے ’جنت-2‘، ’مرڈر-2‘ اور ’وہ لمحے‘۔ لیکن زیادہ تر لوگ یہ بات نہیں جانتے کہ کہانی لکھنے سے قبل وہ بار ڈانسر اور گلوکارہ تھیں۔

شگفتہ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیسے کی کمی کی وجہ سے دوبئی کے ایک بار میں گانا گایا کرتی تھیں جہاں ان کے ساتھ بدتمیزیاں ہوئیں۔ وہ اس بار میں پندرہ سال رہیں جس کی یادیں آج بھی ان کے دل کے نہاں خانوں میں بسی ہیں۔

انڈرورلڈ کے بہت سے لوگ ان کا گانا سننے وہاں آیا کرتے تھے۔ ان کا پاسپورٹ بھی رکھ لیا گیا تھا، وقت پر تنخواہ بھی نہیں ملتی تھی اور اس کے باوجود ان کی مسلسل کوششوں نے انہیں بالآخر بالی وڈ تک پہنچا دیا۔

ارجن کپور: کاش میری ہندی آپ جیسی ہوتی

Image caption اورنگزیب فلم میں ارجن کپور اور سشا آغا

بالی وڈ کے معروف اداکار انیل کپور کے بھتیجے ارجن کپور اپنی پہلی فلم ’عشق زادے‘ کے بعد اب اپنی دوسری فلم ’اورنگزیب‘ کے ساتھ تیار ہیں۔ یہ فلم آئندہ ماہ ریلیز ہو رہی ہے۔

ان سے انٹرویو کرنے جب ریکھا خان ان کے پاس گئیں تو وہ ان کی زبان کے مرید ہو گئے۔ گفتگو شروع ہوتے ہی وہ بولے ’آپ کی زبان سن کر مجھے بہت خوشی ہوئی۔ ایسی زبان بولنے کی خواہش تو ہم تمام ستاروں کی ہوتی ہے۔‘

ارجن نے بالی وڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن کا ذکر کرتے ہوئے کہا ’جتنی اچھی زبان امیت جی بولتے ہیں ویسی ہی خوبصورت زبان ہے آپ کی۔ میں حیران ہوں کہ آج بھی لوگوں کی ہندی زبان اتنی اچھی ہے۔‘

ارجن کی باتیں عجیب نہیں ہیں کیونکہ ہندی فلموں میں کام کرنے والے اداکاروں میں اکثر لوگوں کی زبان کو اصلاح کی ضرورت ہوتی ہے۔

اسی بارے میں