بالی وڈ راؤنڈ اپ

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

میں کسی کے ساتھ رومانس کروں، آپ کو کیا؟

یہ جوانی ہے دیوانی
Image caption یہ جوانی ہے دیوانی کے پروموشن کے لیے رنبیر کپور اور دیپیکا پادوکون

بالی ووڈ کے اداکار رنبیر کپور اپنی آنے والی فلم یہ جوانی ہے دیوانی کے پروموشن کے لیے کی گئی پریس کانفرنس میں ذرا ناراض نظر آئے۔

اس فلم میں ان کے ساتھ دیپیکا پادوکون ہیں جن کے ساتھ کبھی ان کا خاصا قریبی رشتہ تھا۔ اس فلم کے حوالے سے ان دونوں کے درمیان رشتوں پر ایک صحافی نے ایک سوال کیا کیا کہ رنبیر جھنجھلا گئے۔

سوال صرف اتنا تھا کہ کیا اس فلم میں ان کی اداکاری پر پرانے قریبی رشتوں کا کوئی اثر پڑا۔ اسی بات پر رنبیر بول پڑے، ’میری ذاتی زندگی کے بارے میں اگر کوئی سوال پوچھتا ہے تو مجھے اچھا نہیں لگتا اور اس کی عزت میری نظر میں گر جاتی ہے۔ آپ میری فلموں کے بارے میں پوچھیے‘۔

انھوں نے مزید کہا ’میں جوان ہوں اور مجھے کسی کے بھی ساتھ رومانس کرنے کا حق ہے۔ اس سے آپ لوگوں کو کیا مطلب۔ میں تو آپ سے نہیں پوچھتا کہ آپ نے اپنی بیوی کے ساتھ کل رات کیا کھایا یا آپ اپنی محبوبہ کے ساتھ ڈنر کے لیے کہاں گئے؟‘۔

رنبیر کی فلم 31 مئی کو ریلیز ہو رہی ہے۔

کیا کیا لے جائیں گے سنجے دت جیل میں

Image caption سنجے دت جیل کے سفر پر

بالی وڈ کے معروف اداکار سنجے دت نے بالآخر اپنے آپ کو عدالت کے حوالے کر دیا۔ اس موقعے پر ان کے ساتھ ان کی اہلیہ مانیتا دت، بہن پریا دت اور فلم ساز مہیش بھٹ تھے۔

جیل میں سہولتوں کے نام پر سنجے دت کے وکیل نے بعض چیزوں کا مطالبہ کیا تھا جس میں سے بیشتر کو عدالت نے تسلیم کر لیا تھا۔

ان میں سنجے دت کو اپنے ٹوتھ پیسٹ، چپلیں، شیمپو، کرتا پاجامہ اور مچھر سے حفاظت کی چیزیں شامل ہیں۔

سنجے دت کے وکیل نے ٹاڈا کورٹ کے سامنے ان کے لیے الیکٹرانک سگریٹ کی اجازت بھی چاہی تھی کیونکہ وہ سگریٹ کے عادی ہیں۔

بہر حال عدالت نے اس مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے سنجے دت کو سگریٹ ترک کرنے کی صلاح دے ڈالی۔

ہم کسی سے کم نہیں: اوم پوری

Image caption اوم پوری بڑے کردار اداکار کے طورپر جانے جاتے ہیں

بالی ووڈ کے معروف اداکار اوم پوری کا خیال ہے کہ بھلے ہی امیتابھ بچن اور رشی کپور سٹار ہوں گے لیکن ان میں بھی بہت دم ہے۔

انھوں نے بی بی سی کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا ’بھلے ہی بڑے کرداروں کے لیے فلم سازوں کی پہلی پسند امیتابھ یا رشی کپور ہوں لیکن ہم بھی کسی سے کم نہیں ہیں‘۔

واضح رہے کہ اوم پوری کا شمار بھارت کے مشہور فنکاروں میں ہوتا ہے۔

اوم پوری نے کہا کہ بالی ووڈ میں تجارتی فلمیں بنانے والے پیسہ کمانے کے چکر میں کیریکٹر رولز کے لیے بھی بڑے ستاروں کو لے لیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میں اور نصیر الدین شاہ سٹار نہیں ہیں۔ یہ میں مانتا ہوں، بچن اور رشی سٹار ہیں۔ لیکن مجھ میں نصیر میں، انوپم کھیر اور پریش راول میں کافی صلاحیت ہے۔ ہمیں کسی سے کم نہیں سمجھنا چاہیے۔

اسی بارے میں