امریکہ:سٹار ٹریک باکس آفس پر سرفہرست

سٹار ٹریک سیریز کی نئی فلم سٹار ٹریک ان ٹو ڈارکنس امریکی باکس آفس پر سرفہرست ہے۔

فلم نے ریلیز کے پہلے اختتامِ ہفتہ میں سات کروڑ چھ لاکھ ڈالر کمائے تاہم سال 2009 میں اس سیریز کی فلم نے ریلیز کے پہلے اختتامِ ہفتہ ساڑھے سات کروڑ ڈالر کا کاروبار کیا تھا۔

سٹار ٹریک کے سرِفہرست آنے سے آئرن مین تھری دوسری پوزیشن پر چلی گئی ہے۔ سٹار ٹریک کے ڈائریکٹر جے جے ایڈمز کو توقع تھی کہ فلم پہلے ہفتے میں دس کروڑ ڈالر کا کاروبار کرے گی۔

یو ایس باکس آفس کے ایک تجزیہ کار پال ڈیگرابیڈئین کا کہنا ہے کہ سٹار ٹریک اب بھی صرف اس سیریز کے شیدائیوں کے لیے پسندیدہ فلم رہے گی۔ اس میں ایسا نہیں لگتا ہے کہ اس میں دوسروں کے لیے بھی اس طرح کی کشش ہو جس طرح آئرن مین یا اس جیسی دوسری فلموں میں ہے۔

’یہ ایک مخصوص برانڈ ہے لیکن عام لوگ اس فلم سے پیار کرتے ہیں کیونکہ یہ ایکشن فلم ہے لیکن دس کروڑ کا کاروبار کرنے کے لیے حقیقی طور پر آپ کو تمام طرح کے شائقین تک جانا ہو گا۔‘

فلم کمپنی پراماؤنٹ کا کہنا ہے کہ فلم کے بارے میں جس طرح کے تجزیے سامنے آ رہے ہیں اور باتیں ہو رہی ہیں اس سے وہ بہت پرامید ہے کہ آنے والے ہفتوں میں زیادہ تعداد میں لوگ اس کو دیکھنے آئیں گے۔

فلم نے بین الاقوامی منڈی میں چار کروڑ کا بزنس کیا ہے اور پیراماؤنٹ کے اعلیٰ اہلکار ہیرس کا کہنا ہے کہ وہ فلم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

فلم آئرن مین تھری اب تک دنیا بھر میں مجموعی طور پر 1.1 ارب ڈالر کا بزنس کر چکی ہے۔

اسی بارے میں