لکس سٹائل ایوارڈز میں ہمسفر سرفہرست

Image caption اس تقریب کی سب سے خاص بات عاطف اسلم کی پرفارمنس تھی جسے حاضرین نے کافی پسند کیا

پاکستان کے شہر لاہور میں بارہویں لکس سٹائل ایوارڈز کی رنگارنگ تقریب میں معروف ڈرامے ’ہمسفر‘ نے بہترین اداکار و اداکارہ، بہترین ڈرامے اور بہترین ڈائریکٹر کے ایوارڈز اپنے نام کیے۔

لاہور میں پہلی بار منعقد ہونے والی اس تقریب میں پاکستان کی میوزک، ٹی وی اور فیشن انڈسٹری سے وابستہ افراد کو ان کی کارکردگی پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ہمسفر ایک نجی ٹی وی چینل’ہم ٹی وی‘ پر نشر کیا گیا تھا جسے عوام میں بے انتہا مقبولیت حاصل ہوئی۔

لکس سٹائل ایورڈز تصاویر میں

اس ڈرامے کے مرکزی اداکار فواد خان کو بہترین اداکار اور اس ڈرامے کی ہیروئین ماہیرہ خان کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔ جبکہ سرمد کھوسٹ کو بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ دیا گیا۔ بہترین ڈرامے کا ایوارڈ بھی ’ہمسفر‘ ہی کے نام رہا۔

ٹیرسٹوریل ٹی وی کیٹیگری میں سرکاری ٹی وی پی ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے ’پائل‘ کو بہترین ڈرامہ قرار دیا گیا۔ اسی کیٹیگری میں ماہ نور بلوچ کو بہترین اداکارہ اور نعمان اعجاز کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

بہترین مصنف کا ایوارڈ خلیل الرحمان کو جیو ٹیلیویژن کے ڈرامے’من جلی‘ پر دیا گیا۔

فیشن کی کیٹیگری میں مہرین سید اور شہزاد نور کو بہترین ماڈل قرار دیا گیا۔ گڈوشانی بہترین فیشن فوٹوگرافرقرار دیےگئے۔

کھاڈی کو بہترین ہائی سٹریٹ برانڈ کا ایوارڈ ملا۔

موسیقی کے شعبے میں سال کے بہترین گانے کا ایوارڈ سجاد علی کے ’کٹنا نیئں‘ کو ملا اور بہترین میوزک البم کا ایوارڈ عائشہ عمر کی پہلی البم ’خاموشی‘ کو دیا گیا۔

لاہور میں ہونے والی یہ تقریب بھی اس طرح کی دیگر تقاریب کی طرح کئی گھنٹے تاخیر سے شروع ہوئی اور رات دو بجے کے بعد ختم ہوئی جس کی وجہ سے لوگوں کی کافی تعداد تقریب کے اختتام سے پہلے ہی چلی گئی تھی۔

اس تقریب کی میزبانی کے فرائض احمد علی بٹ نے انجام دیے تاہم تقریب میں موجود ناقدین کے مطابق وہ کوئی خاص تاثر قائم کرنے میں ناکام رہے۔

اس تقریب کی سب سے خاص بات عاطف اسلم کی پرفارمنس تھی جسے حاضرین نے کافی پسند کیا۔ عاطف اسلم کو ان کی موسیقی کے شعبے میں خدمات کے عوض بیسٹ میوزک آئی کون کےخصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا جو انہوں ماضی کی مقبول گلوکارہ ناہید اختر سے وصول کیا۔

پاکستان فلم انڈسٹری کی کئی اداکاراؤں نے خصوصی آئٹم سونگ پیش کیے جن میں اداکارہ میرا، عمیمہ ملک، نور، صاحبہ اور ثناء شامل ہیں۔

جبکہ ٹی وی کی معروف میزبان متھیرا نے بھی سٹیج پرفارمنس دی۔ تاہم اس ضمن میں سب سے اعلیٰ پرفارمنس وہاب شاہ کی رہی جنہوں نے عاطف اسلم سمیت کئی اور گانوں پر انتہائی عمدہ رقص پیش کیا۔

مجموعی طور پر اس تقریب نے اچھا تاثر قائم کیا۔ منتظمین کا خیال ہے کہ پاکستان جو شدت پسندی کے واقعات کے حوالے سے اکثر عالمی خبروں میں رہتا ہے، اس طرح کی تقاریب سے دنیا میں ملک کا امیج بہتر کرنے میں بہت مدد ملتی ہے۔

اسی بارے میں