ہندی فلموں کے اداکار پران چل بسے

Image caption پران نے ستّر کی دہائی میں اس وقت کے سپر سٹار امیتابھ بچن کے ساتھ کئی سپر ہٹ فلموں میں کام کیا

ہندی فلموں کے مشہور ولن اور کیریکٹر اداکار پران طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے ہیں۔

ان کی موت ترانوے برس کی عمر میں ممبئی میں ہوئی۔

پران کے بیٹے نے بی بی سی ہندی کو بتایا کہ انہیں ليلاوتي ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ جمعہ کو شام گئے چل بسے۔

پران کو اس سال دادا صاحب پھالكے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا لیکن وہ اس قدر بیمار تھے کہ ایوارڈ لینے کے لیے دہلی نہیں آ پائے تھے جس پر اطلاعات اور نشریات وزیر منیش تیواری نے ان کے گھر جا کر انہیں ایوارڈ دیا تھا۔

پران نے اپنا فلمی کیریئر 40 کی دہائی میں شروع کیا۔ کیریئر کے آغاز میں انہوں نے کچھ فلموں میں بطور ہیرو کام کیا. لیکن ان کی اصل پہچان منفی کرداروں کے ذریعے ہی بنی۔

1949 میں ریلیز ہونے والی فلم ضدی اور بڑی بہن سے ان کی شناخت ولن کے طور پر بنی۔

اس کے بعد انہوں نے اس وقت کے مشہور ہیرو راج کپور، دیو آنند اور دلیپ کمار کی کئی فلموں میں بطور ولن ناقابل فراموش کردار ادا کیے۔

1967 میں منوج کمار کی فلم ’اپكار‘ میں ان کی ادا ملگ چچا کے کردار نے انہیں ایک الگ ہی شناخت دلا دی اور پھر انہیں کیریکٹر ایکٹر کے طور پر کاسٹ کیا جانے لگا۔

پران نے ستّر کی دہائی میں اس وقت کے سپر سٹار امیتابھ بچن کے ساتھ کئی سپر ہٹ فلموں میں کام کیا جن میں زنجیر، ڈان، امر اکبر انتھوني اور شرابی جیسی یادگار فلمیں شامل ہیں۔

اسی بارے میں