بالی وڈ راؤنڈ اپ

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

پران کی آخری رسومات ممبئي میں ادا

Image caption پران نے تین سو سے زیادہ فلموں میں کام کیا ہے

ہندی فلموں کے مشہور ولن اور کیریکٹر اداکار پران جمعہ کو طویل علالت کے بعد 93 برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال کرگئے۔ ممبئی میں سوگواروں کے درمیان سنیچر کو ان کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔

پران کو اس سال دادا صاحب پھالكے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا لیکن وہ اس قدر بیمار تھے کہ ایوارڈ لینے کے لیے دہلی نہیں آسکے تھے جس پر اطلاعات اور نشریات کے وزیر منیش تیواری نے ان کے گھر جا کر انہیں ایوارڈ دیا تھا۔

پران نے اپنا فلمی کیریئر 40 کی دہائی میں شروع کیا۔ کیریئر کے آغاز میں انہوں نے کچھ فلموں میں بطور ہیرو کام کیا۔ لیکن ان کی اصل پہچان منفی کرداروں کے ذریعے ہی بنی۔

ان کی یادگار فلموں میں ’مدھومتی‘، ’آزاد‘، ’دل دیا درد لیا‘، ’ہلاکو‘، ’اپکار‘، ’بے ایمان‘، ’جس دیش میں گنگا بہتی ہے‘، ’زنجیر‘، ’ڈان‘، ’خاندان‘، وغیرہ ہیں۔ انھوں نے تین سو سے زیادہ فلموں میں اداکاری کی اور انہیں ستر کی دہائی میں راجیش کھنہ کے بعد سب سے زیادہ پیسے ملتے تھے۔

‏عامر خان کی طرح کام کرنا چاہتا ہوں، رنویر سنگھ

Image caption رنویر کی انوشکا شرما کے ساتھ دو فلمیں ہیں

گزشتہ ہفتے ریلیز ہوئی فلم ’لٹیرا‘ کی کامیابی کے بعد اس کے لیڈ اداکار رنویر سنگھ کافی خوش ہیں۔ ان کے کردار کو لوگوں نے پسند کیا اور اب رنویر کہتے ہیں کہ وہ عامر خان کی طرح خاص کردار کرنا چاہتے ہیں۔

رنویر کہتے ہیں: ’عامر خان نے ہندوستانی سینما کی سب سے اہم فلموں میں کام کیا ہے اور میں بھی آئندہ ان کی طرح سے کام کرنا چاہوں گا۔‘

رنویر نے اپنے فلمی کیريئر کی شروعات 2010 میں فلم بینڈ باجا بارات سے کی اور اس کے بعد وہ لیڈیز ورسز ریکی بہل میں نظر آئے۔

فلم ’لٹیرا میں رنویر کے ساتھ سوناکشی سنہا ہیں۔

’دوستانہ 2‘ میں نظر آئیں گے جان ابراہم

Image caption مدراس کیفے کے پروموشن میں جان ابراہم

جان ابراہم اور ابھیشیک بچن کی سنہ 2008 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دوستانہ‘ لوگوں کو خاصی پسند آئی تھی اور لمبے عرصے سے اس کے سیکوئل کا انتظار تھا۔

حال ہی میں جان ابراہم نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ ’دوستانہ 2‘ میں نظر آئیں گے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا ’میں دوستانہ 2 بھی کررہا ہوں لیکن اس کا اعلان اس فلم کے پروڈیوسر کرن جوہر ہی کریں گے۔‘

انھوں نے یہ بات اپنی آنے والی فلم ’مدراس کیفے‘ کے پروموشن کے دوران کہی۔ ’مدراس کیفے‘ آئندہ ماہ 23 تاریخ کو ریلیز ہو رہی ہے جس میں وہ ایک ایکشن ہیرو کے طور پر نظر آئیں گے۔

اسی بارے میں