بانڈ سیریز کی نئی فلم ’ڈیول مے کیئر‘

Image caption فلم ’سکائی فال‘ میں اداکاری کرنے والے ڈینيل کریگ اس فلم میں بھی نظر آئیں گے

فلم ’سکائی فال‘ کی ریکارڈ کامیابی کے بعد اطلاعات کے مطابق بانڈ سیریز کی 24 ویں فلم کا نام طے کر لیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے پی ٹی آئي کے مطابق بانڈ سیریز کی 24 ویں فلم کا نام ’ڈیول مے کیئر‘ ہوگا۔

یاد رہے کہ یہ نام ’007‘ کردار کے خالق این فلیمنگ کے لکھے گئے اسی نام کے ناول سے لیا گيا ہے جو ان کی 100 ویں سالگرہ کو منانے کے لیے لکھا گیا تھا۔

سن آن لائن پر شائع رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال ریلیز ہونے والی فلم ’سکائی فال‘ میں اداکاری کرنے والے ڈینيل کریگ برطانوی جاسوس کے طور پر اس فلم میں بھی نظر آئیں گے جبکہ ڈائرکٹر سیم مینڈیس نے بھی اس فلم کی ہدایت دینے کی ہامی بھر لی ہے۔

’ڈیول مے کیر‘ نامی ناول سیبیسٹیئن فاک نے لکھا ہے اور کی اشاعت سنہ 2008 میں این فلیمنگ کی پیدائش کے 100 سال پورے ہونے پر ہوئی تھی۔

بانڈ سیریز کی 24 ویں فلم میں برطانوی افسانوی جاسوس 007 بانڈ ایک شرپسند کیمسٹ ڈاکٹر جولیس گورنر سے نبرد آزما ہے۔

جولیس گورنر برطانیہ کو نشانہ بنانا چاہتا ہے اور بانڈ کو اس کی حفاظت کے لیے طلب کیا جاتاہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال ریلیز ہونے والی فلم ’سکائی فال نے عالمی سطح پر 70 کروڑ پاؤنڈ کی ریکارڈ کمائی کی تھی اور یہ برطانیہ کی آج تک کی سب سے زیادہ کمائي کرنے والی فلم ثابت ہوئي تھی۔

یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ بانڈ کے بہت سے مداح ایک بار پھر کریگ ڈینيل اور ہدایت کار سیم مینڈیس کی جوڑی کو دیکھنا چاہتے تھے۔

پی ٹی آئي کے مطابق مینڈیس نے کہا ’میں ایک بار پھر سے لگام اپنے ہاتھوں لینے کے لیے تیار ہوں اور ڈینيئل کریگ، پروڈیوسر مائیکل جی ولسن اور باربرا بروکولی کے ساتھ پھر سے کام کرنے کے لیے تیار ہوں۔

انھوں نے مزید کہا ’میں اس بات سے بہت خوش ہوں کہ فلم سازوں نے مجھے وقت دیا کہ میں اپنے دوسرے کام ختم کرلوں اور مجھے بانڈ 24 کی ہدایت کا موقع فراہم کیا‘۔

سیبسٹیئن کی مذکورہ کتاب ’دی مین وتھ گولڈن گن‘ کی سیکوئل ہے اور یہ سنہ 1967 کے زمانے پر محیط ہے۔

یاد رہے کہ ’دی مین وتھ گولڈن گن‘ میں راجر مور نے دوسری بار بانڈ فلم میں 007 کا کردار ادا کیا تھا۔

اسی بارے میں