ہیری پوٹر کی مصنفہ کا فرضی نام سے ناول

Image caption راؤلنگ کی ہیری پاٹر سیریز کا شمار دنیا کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتابوں میں ہوتا ہے

ہیری پوٹر سیریز کی شہرۂ آفاق مصنفہ جے کے راؤلنگ نے رابرٹ گیلبریتھ کے فرضی نام سے جرم پر مبنی ناول لکھا ہے، تاہم اب ان کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے۔

ککوز کالنگ یا ’کوئل کی پکار‘ نامی اس ناول کا مرکزی کردار ایک سابق فوجی ہے جو بعد میں پرائیویٹ جاسوس بن جاتا ہے۔

اس ناول کے لیے جے کے راؤلنگ کی بہت تعریف کی گئی ہے۔

یہ کتاب اپریل میں شائع ہوئی تھی اور اب تک اس کے ڈیڑھ ہزار نسخے فروخت ہو چکے ہیں۔ راؤلنگ کا راز اس وقت فاش ہوا جب اخبار سنڈے ٹائمز نے یہ قیاس آرائی کی کہ کوئی گمنام شخص اس قدر ہنرمندی سے لکھی ہوئی کتاب کا مصنف کیسے ہو سکتا ہے۔

راؤلنگ نے کہا: ’میں اس بات کو کچھ دیر مزید صیغۂ راز میں رکھنا چاہتی تھی کیوں کہ رابرٹ گیلبریتھ کے روپ میں مجھے خاصی آزادی محسوس ہو رہی تھی۔

’پہلے سے قائم کردہ توقعات اور میڈیا کے ہیجان کے بغیر لکھنا بہت اچھا تجربہ تھا، اور ایک نئے نام سے لوگوں کا ردِعمل جاننا بہت مسرت انگیز تھا۔‘

ایک تبصرہ نگار نے ’کوئل کی پکار‘ کو ’شاندار آغاز‘ قرار دیا، جب کہ ایک اور ناقد نے ایک مرد مصنف کی جانب سے خواتین کے ملبوسات کی جزئیات بیان کرنے کی صلاحیت کو سراہا۔

ناول کے اصل مصنف کا ایک سراغ یہ ملا کہ راؤلنگ اور گیلبریتھ دونوں کے ایجنٹ اور مدیر ایک ہی تھے۔

اس کے علاوہ یہ کتاب اسی اشاعتی ادارے نے چھاپی تھی جس نے اس سے قبل راؤلنگ کا بالغوں کے لیے ناول چھاپا تھا۔ اس کے علاوہ ’بلبل کی پکار‘ اور راؤلنگ کی دوسری تحریروں میں مشابہت موجود تھی۔

مصنف پیٹر جیمز نے سنڈے ٹائمز کو بتایا کہ یہ ناول کسی کہنہ مشق مصنف کی تحریر لگتی ہے، نہ کسی کا پہلا ناول۔‘

اس سے قبل راؤلنگ نے کہا تھا کہ وہ ہیری پوٹر کے بعد فرضی نام سے ناول لکھنے کو ترجیح دیں گی۔

رابرٹ گیلبریتھ کا ایک اور ناول تیاری کے مراحل سے گزر رہا ہے اور اسے اگلے سال شائع کیا جائے گا۔

اسی بارے میں