سلمان اور شاہ رخ خان کی دوستی ہو گئی

Image caption اس افطار پارٹی کا اہتمام کانگریس رہنما بابا صدیقی نے کیا تھا

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ کے دو بڑے سٹارز کی ناراضگی کم ہو رہی ہے اور وہ ایک بار پھر سے دوستی کی راہ پر بڑھ رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق سلمان خان اور شاہ رخ خان اتوار کو ایک افطار کے موقعے پر ایک دوسرے سے گلے ملے۔

اس افطار پارٹی کا اہتمام کانگریس رہنما بابا صدیقی نے کیا تھا۔

اس افطار کے دوران شروع میں دونوں نے ایک دوسرے کو نظر انداز کرنے کی کوشش کی لیکن پھر بعد میں ہاتھ ملایا اور گلے بھی ملے۔

Image caption قطرینہ کیف اپنی ہر فلم کی ریلیز سے پہلے اس درگاہ کی زیارت کرتی ہیں

دوسری جانب ایک اخبار نے قطرینہ کیف کے اجمیر میں شیخ سلیم چشتی کی درگاہ کی زیارت کرنے کی خبر شائع کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق قطرینہ کیف اپنی ہر فلم کی ریلیز سے پہلے اس درگاہ کی زیارت کرتی ہیں۔

یہ زیارت گاہ اجمیر سے 35 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔

قطرینہ نے جمعرات کو درگاہ کی زیارت کی اور اس سے پہلے کہ لوگ انھیں پہچان پائیں وہ وہاں سے نکل آئیں۔

اس سے قبل بھی وہ درگاہوں پر جاتی رہی ہیں۔ کچھ عرصہ قبل ان کی درگاہ پر حاضری کے سلسلے میں متنازع بیانات بھی آئے تھے۔

Image caption پونم پانڈے نے کولکاتہ نائٹ رائڈرز کی جیت پر اپنی برہنہ تصویر جاری کی تھی

بالی وڈ کے حوالے سے ایک خبر یہ بھی ہے کہ ماڈلنگ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی پونم پانڈے ایک بار پھر سے سرخیوں میں ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ان کی پہلی فلم ’نشہ‘ کے بولڈ پوسٹرز کے خلاف ممبئی کے علاقے ماہم میں مظاہرے ہوئے اور ان کے پوسٹرز جلائے گئے ہیں۔

یہ واقعہ سنیچر کو پیش آیا۔ اس سے قبل بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی ان کی فلم کے خلاف مظاہرے ہوئے تھے۔

بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق نئی دہلی کے شمال مغربی سیماپوری علاقے میں اس کے پوسٹرز کو نذر آتش کیا گیا اور تھانے میں شکایت بھی درج کی گئی۔

اطلاعات کے مطابق پونم پانڈے نے اس پر افسوس ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر اس سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ معافی مانگنے کے لیے تیار ہیں۔

اسی بارے میں