بالی وڈ میں سو کروڑ کا کلب

فرحان اختر
Image caption ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ نے چوبیس دنوں میں ایک سو دو کروڑ روپے کمائے۔

فرحان اختر اور راکیش اوم پرکاش مہرا کی فلم ’بھاگ مِلکھا بھاگ‘ بالی وڈ کے ’سو کروڑ کلب‘ میں شامل ہونے والی ایک اور فلم بن گئی ہے۔

فلم نے 24 دنوں میں یہ کمائی کی ہے اور اب تک کل ملا کر ایک سو دو کروڑ روپے کا کاروبار کر چکی ہے۔

اگلے ہفتے شاہ رخ خان کی ’چنئی ایکسپریس‘ ریلیز ہو رہی ہے اس لیے باکس آفس پر ’بھاگ مِلکھا بھاگ‘ کے اب اور زیادہ کمائی کرنے کی زیادہ امید نہیں ہے لیکن پھر بھی ایک اندازے کے مطابق یہ مجموعی طور پر ایک سو دس کروڑ روپے کما لے گی۔

اس سے پہلے اس سال رنبیر کپور اور دپیکا پڈوکون کی ’یہ جوانی ہے دیوانی‘سو کروڑ کا ہندسہ پار کر چکی ہے۔

سلمان ہیں نمبر ون

Image caption سلمان خان پانچ کامیاب فلموں کے ساتھ سو کروڑ کلب کے بادشاہ ہیں۔

بالی وڈ کے سو کروڑ کلب کا بادشاہ کون ہے؟ اس سوال کا بے حد آسان جواب ہے ’سلمان خان‘ کیونکہ ان کی مجموعی طور پر پانچ فلمیں اس کلب میں شامل ہیں۔

بالی وڈ ہیروز کی سو کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کرنے والی فلمیں:

سلمان خان : دبنگ، دبنگ 2، ریڈی، باڈی گارڈ اور ایک تھا ٹائیگر

عامرخان: گجنی، تھری ایڈیٹس

شاہ رخ خان: ڈان 2، ’را ون‘، جب تک ہے جان

اکشے کمار: راؤڈی راٹھور، ہاؤس فُل 2

اجے دیوگن: ’گول مال 3، بول بچن، سِنگھم

رنبیر کپور: برفی، یہ جوانی ہے دیوانی

ڈائریکٹر نمبر ون

ڈائریکٹر روہت شیٹی اس زمرے میں لیڈ لیتے نظر آ رہے ہیں۔ ان کی فلم سِنگھم، بول بچن اور گول مال 3 جیسی فلموں نے سو کروڑ روپے سے زیادہ کا کاروبار کیا ہے۔

روہت شیٹی کی فلم ’چنئی ایکسپریس‘ عید کے موقع پر ریلیز ہو رہی ہے جس میں شاہ رخ خان اور دپیکا پاڈوکون اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ماہرین کا خیال ہے کہ یہ فلم بھی باکس آفس پر اچھا کاروبار کرے گی۔

ٹاپ 3 فلمیں

سو کروڑ کلب میں سب سے اوپر عامر خان کی فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کا نام آتا ہے، جس کے ہدایت کار راجکمار ہيراني تھے۔ فلم نے باکس آفس پر 202 کروڑ روپے کا کاروبار کیا تھا۔

دوسرے نمبر پر سلمان خان کی ’ایک تھا ٹائیگر‘ ہے جو یش راج بینر کی فلم ہے۔ کبیر خان کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم نے مجموعی طور پر 195 کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔

تیسرے نمبر پر رنبیر کپور اور دیپکا پڈوکون کی فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ ہے اور اس کی ہدایتکار ایان مکھرجی تھے۔ اس فلم نے مجموعی طور پر 185 کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔

دو سو کروڑ نیا ہدف

فلموں پر آنے والی لاگت دن بہ بڑھتی جار ہی ہے اسی باعث جلد ہی سو کروڑ روپے کلب کی اہمیت کم ہو جائے گی، کیونکہ اتنا کما لینے کے باوجود فلموں کی کمائی لاگت سے کم ہی رہے گی۔ فلم بنانے والے پھر دو سو کروڑ روپے کا ہدف لے کر چلیں گی۔

لیکن فی الحال، سو کروڑ کلب میں شامل ہونا کسی بھی فلم کے خالق کے لیے فخر کی بات ہے۔

اسی بارے میں