پاپ سٹار میڈونا، کمائی میں سب سے آگے

پاپ سٹار میڈونا
Image caption پچاس سالہ پاپ سٹار میڈونا نےگزشتہ برس ساڑھے بارہ کروڑ ڈالر کمائے

معروف پاپ سٹار میڈونا گزشتہ ایک برس میں فن و اداکاری کی دنیا کی تمام معروف شخصیات میں سب سے زیادہ پیسہ کمانے والی شخصیت ہیں۔

اس دوڑ میں میڈونا نے اوپرہ ونفری اور بالی وڈ کے معروف ہدایت کار سٹیون سپیلبرگ جیسی شخصیات کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

فوربز میگزین کے مطابق ایم ڈی این اے ٹور، ملبوسات اور پرفیوم سے پچاس سالہ پاپ سٹار میڈونا نےگزشتہ برس ساڑھے بارہ کروڑ ڈالر کمائے۔

میگزین کے مطابق سنہ انیس سو ننانوے میں ان کی کمائی کا ریکارڈ رکھنے کے آغاز سے اب تک کسی ایک سال میں یہ میڈونا کی سب سے زيادہ کمائی ہے۔

دس کروڑ ڈالر کے ساتھ معروف فلم ڈائریکٹر سٹیون سپیلبرگ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

لیکن انہوں نے یہ پیسہ اپنی پرانی فلموں ای ٹی اور جراسک پارک، جو بیس برس پورے ہونے پر تھری ڈی میں ریلیز کی گئی ہیں، اور گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’لنکن‘ سے کمایا ہے۔

Image caption لیڈی گاگا اس فہرست میں دسویں نمبر پر ہیں

فوربز کے مطابق تیسری پوزیشن پر تین شخصیات ہیں جنہوں نے تقریباً ساڑھے نو کروڑ ڈالر کمائے۔ اس میں ’ففٹی شیڈز آف گرے‘ کی مصنف ای ایل جمیز، سائمن کوویل اور ہاورڈ سٹین شامل ہیں۔

ناول نگار جمیز پیٹرسن نے تقریباً سوا نو کروڑ ڈالر کمائے جبکہ ٹی وی اور ریڈیو کے میزبان گلین بیک نے نو کروڑ ڈالر کمائے۔

اس کے علاوہ اس فہرست میں شامل پہلے دس افراد میں فلم ’ٹرانسفرامر‘ کے ڈائریکٹر مائیکل بے، پروڈیوسر جیری بریکھینمیئر اور پاپ سٹار لیڈي گاگا شامل ہیں۔

فوربز میگزین دنیا کی ایسی معروف شخصیات کی سالانہ کمائی کی یہ فہرست ایجنٹوں، مینیجرز، پروڈیوسرز اور دوسرے ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کی بنیاد پر تیار کرتا ہے۔

اسی بارے میں