دلیپ کمار کی صحت بہتر ہے، سائرہ بانو

دلیپ کمار
Image caption دلیپ کمار کی یہ تصویر اسپتال کی ہے.

اداکار دلیپ کمار کی صحت سے متلق سوشل میڈیا پر طرح طرح کی خبریں پھیل رہی ہیں تاہم ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے بتایا کہ اب دلیپ کمار کی حالت بہتر ہے۔

دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دلیپ کمار کی حالت اب بہتر ہے آج وہ اُٹھ کر بیٹھے ہیں اور انہوں نے چائے بھی پی ہے لیکن انہیں آرام کی ضرورت ہے۔

دلیپ کمار کےاہلِ خانہ نے ہسپتال کی ان کی تصویر جاری کر کے کہا کہ دلیپ کمار بالکل صحت مند ہیں.

فلمساز انوراگ کشیپ نے بھی ان کی موت سے متعلق ایک ٹویٹ پوسٹ کر دیا جس کے بعد دلیپ کمار کے مداحوں میں کھلبلی مچ گئی۔

بعد میں انوراگ نے اس افواہ پر معافی بھی مانگی۔

وہیں دلیپ کمار کے منیجر نے ان کی صحت سے متعلق افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ ان کی صحت میں بہتری ہو رہی ہے اور وہ جلد ہی ہسپتال سے گھر منتقل ہو جائیں گے۔

90 سالہ دلیپ کمار اپنی اہلیہ سائرہ بانو کے ساتھ باندرہ کے پالی ہل علاقے میں رہتے ہیں۔

دلیپ کمار کا شمار بالی وڈ کے نامور فنکاروں میں کیا جاتا ہے۔ فلموں میں ان کی جذباتی اداکاری کے لیے انہیں ’شہنشاہ جذبات‘ کا خطاب ملا تھا۔

ان کی اداکاری کے لیے انھیں کئی اعزازات و انعامات سے نوازا گیا۔ پچاس اور ساٹھ کے عشرے میں وہ فلم انڈسٹری پر چھائے ہوئے تھے۔

دلیپ کمار کا اصل نام محمد یوسف خان ہے۔ وہ 11 دسمبر 1922 میں پاکستان کے شہر پشاور میں پیدا ہوئے تھے۔

دلیپ کمار کا فلمی کیریئر چھ دہائیوں پر مشتمل ہے۔ سنہ 1954 میں جب فلم فیئر ایوارڈز شروع ہوئے تو انہوں نے بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتا تھا۔

اپنے فلمی کیریئر میں دلیپ کمار نے بہترین اداکاری کے شعبے میں آٹھ فلم فیئر ایوارڈ جیتے۔ سنہ 1991 میں ان کو پدم بھوشن ایوارڈ جب کہ 1994 میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ ملا۔

وہ سنہ 2000 سے 2006 تک راجیا سبھا کے رکن بھی رہے۔ پاکستان نے ان کو 1998 میں نشانِ امتیاز سے نوازا۔

اسی بارے میں