رنبیر توڑیں گے شاہ رخ کا ریکارڈ اور ایش کی واپسی

رنبیر توڑیں گے شاہ رخ کا ریکارڈ

تصویر کے کاپی رائٹ Reliance Entertainment
Image caption رنبیر کپور کی فلم بیشرم اگلے ماہ ریلیز ہو رہی ہے اس فلم میں رنبیر امیتابھ کے فین ہیں۔

کیا رنبیر کپور کی آنے والی فلم ’بے شرم،‘ شاہ رخ خان کی فلم ’چنئی ایکسپریس‘ کا ریکارڈ توڑ دے گی؟

کمائی کے معاملے میں تو پتہ نہیں لیکن ریلیز کے معاملے میں یہ ’چنئی ایکسپریس‘ کو ضرور پیچھے چھوڑ دے گی۔

’چنئی ایکسپریس‘ ملک بھر میں تقریباً 3,500 سکرین پر ریلیز ہوئی تھی لیکن ’بے شرم‘ کو تقسیم کرنے والی کمپنی ریلائنس انٹرٹینمنٹ نے پورے بھارت میں 3,600 سکرین پر ریلیز کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

ابھیشیک اور ایشوریا فلم میں بھی ایک ساتھ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ماں بننے کے بعد ایشوریہ کی پہلی فلم ہوگی

ابھیشیک بچن اور ان کی اہلیہ ایشوریا رائے بچن دوبارہ ’ریل لائف‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

میاں بیوی کی یہ جوڑی فلم ساز گورانگ دوشی کی فلم ’ہیپی اینیورسري‘ میں ساتھ کام کریں گے جس کی ہدایت کار مشہور ایڈ مین پرہلاد ککڑ ہیں۔

ماں بننے کے بعد ایشوریا رائے نے فلموں سے لمبی چھٹی لی تھی لیکن اب اس فلم کے ذریعے ان کی دوبارہ بالی وڈ میں واپسی ہو گی۔

فلم کے لیے ایشوریا اپنا وزن بھی کم کریں گی۔ ابھیشیک اور ایشوریا کا فلمی سفر ساتھ میں کچھ خاص نہیں رہا ہے۔

دونوں نے’ڈھائی اکشر پریم کے‘، ’کچھ نہ کہو‘، ’امراؤ جان‘، ’راون‘ اور ’گرو‘ جیسی فلموں میں ساتھ کام کیا جن میں ’گرو‘ کو چھوڑ کر تمام فلمیں فلاپ رہیں۔

حالانکہ دونوں نے ایک ساتھ فلم ’دھوم -2‘ میں اداکاری کی تھی اور یہ فلم سپر ہٹ تھی لیکن اس میں ایشوریا کے ساتھ ہیرو کے کردار میں ریتک روشن تھے۔

دلیپ کمار کی ہسپتال سے رخصتی

Image caption دلیپ کمار کو بالی وڈ میں اداکاری کا مینارہ تسلیم کیا جاتا ہے

گیارہ دن ہسپتال میں رہنے کے بعد دلیپ کمار 26 ستمبر کو ڈسچارج ہوگئے۔

دلیپ کمار گھر واپس جانے پر بہت خوش تھے اور اس کا خیال انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی کیا۔

دلیپ کمار نے ایک ٹوئٹ میں لکھا: ’میں گھر جانے کو بیتاب ہوں۔ ہسپتال کے تمام ڈاکٹروں اور نرسوں کا بہت بہت شکریہ جنہوں نے میری دیکھ بھال کی۔‘

دلیپ کمار کو بے چینی محسوس ہونے پر ممبئی کے ليلاوتي ہسپتال میں 15 ستمبر کو داخل کرایا گیا تھا۔ طبیعت میں بہتری آنے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں اب گھر جانے کی اجازت دے دی ہے۔

جمعرات کوان کی بیوی سائرہ بانو انہیں ممبئی کے پالی ہل میں واقع گھر لے گئیں۔ ہسپتال میں دلیپ کمار سے ملنے امیتابھ بچن بھی پہنچے تھے جس کی خوشی دلیپ کمار نے ٹوئٹر پر ظاہر کی تھی۔

بھارتی جیوری کو آسکر کی سمجھ نہیں

تصویر کے کاپی رائٹ The Lunch box
Image caption لنچ باکس کو حکومت کی جانب سے آسکر میں بھارت کی نمائندگی کا موقعہ نہ مل سکا

بھارت کی طرف سے آسکر ایوارڈ کے لیے بھیجی جانے والی فلموں کا متنازع ہونا اب کوئی نئی بات نہیں رہ گئی ہے۔

گزشتہ سال اگر لوگوں نے فلم ’برفي‘ پر انگلي اٹھائی تو اس سال کچھ لوگ اس بات سے خفا ہیں کہ ’لنچ باکس‘ کے بجائے گجراتی فلم ’دا گڈ روڈ‘ کو آسکر کے لیے بھارت کی نمائندہ فلم کے طور پر کیوں بھیجا جا رہا ہے۔

بی بی سی نے ’لنچ باکس‘ کے ڈائریکٹر رتیش بترا سے جب پوچھا کہ کیا ان کی فلم ’لنچ باکس‘ اور گیان کوریا کی فلم ’دی گڈ روڈ‘ کے درمیان جنگ چھڑ گئی ہے۔

ریتیش کہتے ہیں: ’جب بھی کبھی ایسا کوئی تنازع ہوتا ہے تو فلم سازوں کو آگے کر دیا جاتا ہے لیکن اصل میں یہ نظام کی ناکامی ہے۔ ہماری جیوری کو اس بات کی سمجھ ہی نہیں ہے کہ کس طرح کی فلم کو آسکر ایوارڈ کے لیے بھیجا جائے۔‘