امریکی پاپ گلوکار اور نغمہ نگار لؤ ریڈ وفات پا گئے

Image caption ریڈ کا شمار راک گیتوں کے سب سے مؤثر نغمہ نگار اور گلوکار کے طور پر ہوتا ہے

معروف امریکی پاپ گلوکار اور ویلویٹ انڈرگراؤنڈ نامی راک بینڈ کی سرکردہ شخصیت لؤ ریڈ کا 71 سال کی عمر میں اتوار کو انتقال ہو گيا ہے۔

ان کے ایجنٹ نے بتایا ہے کہ وہ کئی ماہ سے بیمار تھے۔

اپنے ٹریک بشمول ’پرفیکٹ ڈے‘ اور ’واک آن دا وائلڈ سائڈ‘ کے لیے معروف ریڈ کا شمار راک گیتوں کے سب سے مؤثر نغمہ نگار اور گلوکار کے طور پر ہوتا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ریڈ کے ادبی ایجنٹ نے کہا ہے کہ ان کی موت ’جگر کے مرض‘ کی وجہ سے ہوئی ہے۔

ویلویٹ انڈرگراؤنڈ فن اور موسیقی کے امتزاج کے لیے جانا جاتا تھا اور اسے راک اینڈ رول ہال آف فیم میں سنہ 1996 میں متعارف کرایا گیا۔

ریڈ کے ادبی ایجنٹ اینڈریو وائلی نے کہا کہ موسیقار کا انتقال نیویارک کے لانگ آئی لینڈ میں ان کے گھر پر ہوا۔

ریڈ کے سابق راک بینڈ ویلویٹ انڈرگراؤنڈ کے ایک ساتھی نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا: ’دنیا نے ایک نفیس نغمہ نگار اور شاعر کھو دیا ہے۔۔۔ ہم نے اپنے سکول کے زمانے کا دوست کھو دیا ہے۔‘

واضح رہے کہ ریڈ بلا کے مے نوش تھے اور وہ منشیات کا بھی استعمال کرتے تھے جن کا انھوں نے اعتراف بھی کیا تھا۔ رواں سال مئی کے مہینے میں جگر کے ناکارہ ہو جانے کے بعد ان کے جگر کا ٹرانسپلانٹ کیا گیا تھا۔

یکم جون کو انھوں نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا تھا کہ ’میں جدید طب کا فاتح ہوں‘۔

ہرچند کہ ویلویٹ انڈر گراؤنڈ کو اپنے عروج کے زمانے 1960 کی دہائی میں بھی مالی کامیابی نہ مل سکی لیکن بعد کی دہائيوں میں موسیقی پر ان کے اثرات کو وسیع پیمانے پر تسلیم کیا جاتا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ 70، 80 اور 90 کی دہائيوں کے پنک، گلیم اور متبادل راک تحریکیں ریڈ کی مرہونِ منت ہیں اور ان کے گیتوں کو آر ئی ایم، ڈیوڈ بووی، نروانا اور پیٹی سمتھ جیسے دوسرے بے شمار لوگوں نے پسند کیا اور ان کی پذیرائی کی۔

ویلویٹ انڈرگراؤنڈ سے علیحدہ ہونے کے بعد ریڈ نے سنہ 1972 میں اپنے نام کا ریکارڈ ریلیز کیا لیکن اسے اس وقت کامیابی ملی جب اگلے سال بووی نے اسے از سر نو ’پرفیکٹ ڈے‘ اور ’واک آن دا وائلڈ سائڈ‘ کے ساتھ جاری کیا۔

ایک سولو (تنہا) آرٹسٹ کے طور پر انھوں نے تقریباً 20 سٹوڈیو البمز جاری کیے۔ ان کا آخری سولو البم ’ہڈسن ریور ونڈ میڈیٹیشن‘ سنہ 2007 میں جاری ہوا۔

ان کی پیدائش سنہ 1942 میں بروکلین میں ہوئی تھی۔ان کے سوگواران میں ان کی دوسری بیوی لوری اینڈرسن شامل ہیں جو کہ بذاتِ خود موسیقار اور پرفارمنگ آرٹسٹ ہیں۔

اسی بارے میں